اداکار شہزاد شیخ نے اپنے والدین سے متعلق انکشاف کرتے ہوئے کہا کہ طلاق کے باوجود والدین ایک ہی گھر میں رہتے ہیں، اب ان کی فیملی ایک ساتھ رہتی ہے۔ ان کے والد جاوید شیخ اپنے گھر کے گراونڈ فلور پر رہتے ہیں، اور والدہ ان کے ساتھ فرسٹ فلور پر رہتی ہیں۔
اداکار شہزاد شیخ نے احمد علی بٹ کو دیے گئے ایک انٹرویو میں بتایا کہ کس طرح ان کی والدہ نے ان کی پرورش میں اہم کردار ادا کیا، وہ انہیں لاہور بھیجا کرتی تھیں تاکہ وہ اپنے والد کے ساتھ رہ سکیں اور اس طرح یہ بہن بھائی اپنے والد اور کزنز کے قریب آسکیں۔
مزید پڑھیں
اداکار شہزاد شیخ نے اپنے والدین کی علیحدگی کے بارے میں کھل کر کہا کہ جوڑے فیصلہ کرنے سے پہلے اپنے بچوں پر پڑنے والے اثرات پر غور کریں اور طلاق کی وجوہات کے بارے میں ایمانداری سے سوچیں۔
انہوں نے بتایا کہ والدین کو آج تک پچھتاوا ہے کہ انہوں نے طلاق لیکر غلط فیصلہ کیا لیکن اُن دونوں کے درمیان جھگڑے آج بھی ویسے ہی ہیں جو سالوں پہلے تھے۔
شہزاد نے بتایا کہ ان کی اور بہن مومل شیخ کی پرورش میں ان کی والدہ زینت منگی کا اہم کردار ہے۔ یہی وجہ ہے کہ دونوں بہن بھائیوں میں دوستی کا رشتہ بھی بہت مضبوط ہے۔
واضح رہے کہ سینیئر اداکار جاوید شیخ نے پہلی شادی زینت منگی سے کی تھی، جن سے ان کی ایک بیٹی مومل شیخ اور بیٹا شہزاد شیخ ہیں، اُن کی یہ شادی صرف 3سال تک رہ سکی اور پھر طلاق پر ختم ہوگئی تھی۔