پاکستان امریکا کے ساتھ تعلقات کو کلیدی اہمیت دیتا ہے، وزیرِاعظم شہباز شریف کا صدر جوبائیڈن کے خط کا جواب

اتوار 31 مارچ 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

وزیرِاعظم پاکستان محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان امریکا کے ساتھ تعلقات کو کلیدی اہمیت دیتا ہے۔ دونوں ممالک توانائی، موسمیاتی تبدیلی، زراعت، صحت اور تعلیم کے شعبوں میں اہم اقدامات پر مل کر کام کررہے ہیں۔

وزیراعظم آفس سے جاری بیان کے مطابق وزیرِاعظم محمد شہباز شریف نے امریکی صدر جو بائیڈن کے خط کا جواب میں بھیجے گئے خط میں کہا ہے کہ دونوں ممالک کے مابین توانائی کے شعبے اور گرین الائینس اقدام میں تعاون خوش آئند ہے۔ پاکستان امریکا کے ساتھ عالمی امن و سلامتی اور خطے کی ترقی و خوشحالی کے مشترکہ ہدف کے حصول کے لیے کام کرنے کا خواہاں ہے۔

امریکی صدر کا وزیراعظم پاکستان کے نام خط، سفارتی تعلقات میں مزید بہتری کا عندیہ

وزیراعظم شہباز شریف کو امریکی صدر جوبائیڈن کی جانب سے لکھا گیا خط رواں ماہ جمعہ 29 مارچ کو موصول ہوا تھا، جس میں صدر بائیڈن نے انہیں وزارت عظمیٰ کا منصب سنبھالنے پر مبارکباد دی تھی۔

وزیراعظم شہباز شریف کے منصب سنبھالنے کے بعد امریکی صدر کا یہ پہلا خط تھا جس میں انہوں نے پاکستان کی نومنتخب حکومت کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا تھا۔ یہ خط طویل عرصے کے بعد کسی امریکی صدر کا پاکستانی وزیراعظم کو پہلا خط تھا جس میں امریکی صدر نے دونوں ملکوں کے درمیان سفارتی تعلقات میں مزید بہتری کا عندیہ دیا تھا۔

اپنے خط میں جوبائیڈن نے کہا تھا کہ دونوں ممالک کے عوام کے درمیان شراکت داری دنیا اور ہمارے عوام کی سلامتی یقینی بنانے میں نہایت اہم ہے۔ امریکی صدر کا کہنا تھا کہ دنیا اور خطے کو درپیش وقت کے اہم ترین چیلنجز کا سامنا کرنے میں امریکا پاکستان کے ساتھ کھڑا رہے گا، صحت عامہ کا تحفظ، معاشی ترقی اور سب کے لیے تعلیم مشترکہ وژن ہے جسے مل کر فروغ دیتے رہیں گے۔

انہوں نے کہا تھا کہ امریکا پاکستان گرین الائنس فریم ورک سے ماحولیاتی بہتری کے لیے اپنے اتحاد کو مزید مضبوط کریں گے، دونوں اقوام میں استوار مضبوط پارٹنر شپ کو تقویت دیں گے اور دونوں ممالک کے عوام میں قریبی رشتے مزید مضبوط بنائیں گے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp