سلمان خان کو 25 ہزار شائقین نے کیوں گھیرا تھا؟

پیر 1 اپریل 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

سلمان خان بالی ووڈ کے واحد ایسے اسٹار ہیں جو گزشتہ 35 برس سے فلم انڈسٹری میں کافی سرگرم ہیں۔ ہر اداکار کی طرح انہیں بھی اپنے کیرئیر میں کئی فلاپ فلموں کا سامنا کرنا پڑا لیکن وہ واحد اسٹار ہیں جنہوں نے ایک کے بعد ایک 10 کے قریب فلاپ فلمیں دیں اور اس کے بعد بھی کوئی ان کے اسٹارڈم کو ہلا نہیں سکا۔

سلمان خان کا نام کئی تنازعات کے ساتھ بھی جڑا ہے۔ کیا آپ جانتے ہیں کہ ایک بار سلمان خان دہلی کے چاندنی چوک میں 25 ہزار شائقین میں پھنس گئے تھے، یہ کہانی اصل میں کیا ہے؟ سلمان خان سے وابستہ اس کہانی کا ذکر حال ہی میں ہدایت کار کبیر خان نے ایک انٹرویو کے دوران کیا۔

کبیر خان نے 2015 کا واقعہ یاد کیا، جب وہ فلم ’بجرنگی بھائی جان‘ کی شوٹنگ کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ یہ دہلی میں ہمارا پہلا دن تھا۔ سلمان کے ساتھ جامع مسجد کے باہر شوٹنگ کی۔ اگلے دن جب وہ چاندنی چوک میں شوٹنگ کر رہے تھے تو 25 ہزار شائقین کا ہجوم جمع ہوگیا تھا۔

کبیر نے بتایا کہ ہم چاندنی چوک کی ایک گلی میں شوٹنگ کر رہے تھے۔ ہم نہیں جانتے تھے کہ باہر کیا ہو رہا ہے۔ پولیس آئی، اسسٹنٹ کمشنر آف پولیس، اور انہوں نے کہا کہ آپ نہیں جانتے کہ باہر کیا ہو رہا ہے، لیکن آپ کو 25 ہزار شائقین نے گھیر لیا ہے۔ اس لیے آپ اس جگہ کو چھوڑ نہیں پائیں گے کیونکہ سب جانتے ہیں کہ سلمان خان یہاں شوٹ کر رہے ہیں۔

اس کے بعد انہوں نے انکشاف کیا کہ کس طرح سلمان خان کو باہر نکالا گیا۔ انہوں نے بتایا کہ پھر کچھ کاریں لانا پڑیں اور سلمان خان کو علاقہ سے باہر نکالنے کے لیے ان میں سے ایک میں چھپانا پڑا۔ انہوں نے بتایا کہ اس کے ساتھ ہمیں کچھ جعلی کاریں لانا پڑیں، ہمیں سلمان کو گاڑی میں چھپانا پڑا، سلمان کو اس جگہ سے نکالنے کے لیے دوسرا راستہ تلاش کرنا پڑا تب ہم چاندنی چوک کی گلی سے نکل سکے تھے۔

کبیر نے کہا کہ ہمارے اردگرد 25 ہزار لوگ تھے، ہم آسانی سے باہر نہیں جا سکتے تھے۔ لوگوں کا ہجوم بھائی جان کے لیے تھا اور یہی ان کا اسٹارڈم ہے۔ ’بجرنگی بھائی جان‘ کے بعد کبیر اور سلمان نے 2017 میں ’ٹیوب لائٹ‘ میں ایک ساتھ کام کیا جو فلاپ ثابت ہوئی۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp