صحت سہولت کارڈ بحال کیا جائے، وزیراعلیٰ گلگت بلتستان کا وزیراعظم پاکستان کو مراسلہ

پیر 1 اپریل 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

وزیراعلیٰ گلگت بلتستان حاجی گلبر نے گلگت بلتستان کے عوام کے لیے صحت سہولت پروگرام کے تحت یونیورسل ہیلتھ انشورنس کو دوبارہ بحال کرنے کے لیے وزیر اعظم پاکستان کو خصوصی مراسلہ تحریر کیا ہے۔

وزیراعلیٰ نے کہاکہ فروری 2022 میں وفاقی حکومت نے صحت سہولت پروگرام کے تحت ہیلتھ انشورنس کی خدمات کو گلگت  بلتستان تک وسعت دی جس سے گلگت  بلتستان کے عوام نے سراہا اور کئی افراد جو اپنا علاج کرانے کی صلاحیت نہیں رکھتے تھے اس پروگرام سے مستفید ہوئے۔

مراسلے میں کہا گیا ہے کہ 15 دسمبر 2023 کو اس اہم پروگرام کو گلگت  بلتستان کے لیے معطل کیا گیا جس کے نتیجے میں گلگت  بلتستان کے پسماندہ علاقے کے عوام مفت علاج کی سہولت سے محروم ہوگئے اور کئی نادار اور مستحق مریض آج بھی اپنا علاج معالجہ کرانے سے قاصر ہیں۔

وزیراعلیٰ نے کہاکہ گلگت بلتستان میں صحت سہولت پروگرام کے تحت یونیورسل ہیلتھ سروسز کی خدمات کو جلد از جلد بحال کرنے کے لیے اپنا کردار ادا کریں تاکہ گلگت بلتستان کے دور افتادہ علاقے کے عوام بغیر کسی رکاوٹ کے اپنا علاج معالجہ مفت کروا سکیں۔

واضح رہے کہ سابق وزیراعظم عمران خان کے دور حکومت میں صحت سہولت کارڈ کے تحت تمام شہریوں کو بلاتخصیص علاج کی سہولت مہیا کی گئی تھی تاہم 2022 میں ان کی حکومت ختم ہونے کے بعد آنے والی حکومت نے اس میں کچھ تبدیلیاں کی تھیں۔

اب عام انتخابات کے بعد حکومتوں کا قیام عمل میں آگیا ہے اور خیبر پختونخوا حکومت نے صحت کارڈ کو پرانی حیثیت میں بحال کردیا ہے مگر پنجاب حکومت نے اس پر ایک کمیٹی تشکیل دی ہے جو یہ طے کرے گی کہ کون سے مریض صحت کارڈ کے ذریعے اپنا علاج معالجہ کرا سکیں گے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp