نیوزی لینڈ نے پاکستان کے خلاف ٹی20 سیریز کے لیے اسکواڈ کا اعلان کردیا ہے، کین ولیمسن اور دیگر اہم کھلاڑیوں کی عدم موجودگی کے باعث نیوزی لینڈ کے مائیکل بریسویل پہلی بار کیوی ٹیم کے کپتان کے فرائض سنبھالیں گے۔ نیوزی لینڈ کے 9 کھلاڑی آئی پی ایل اور ایک کاؤنٹی کی وجہ سے دستیاب نہیں ہیں۔
نیوزی لینڈ کے دورہ پاکستان کے لیے کپتان بریسویل کے علاوہ فن ایلن، مارک چیپمین اور جوش کلارکسن، بین سیئرز، ایڈم ملنے اسکواڈ میں شامل ہیں۔ جمی نیشم، ٹم سیفرٹ اور اش سودھی بھی کیوی ٹیم کا حصہ ہوں گے۔ دورہ پاکستان کے لیے کیوی اسکواڈ میں فن ایلن، مارک چیپمین، جوش کلارکسن، جیکب ڈفی، ڈین فاکس کرافٹ، بین لسٹر اور کول مک کونچی کے نام شامل ہیں۔
مزید پڑھیں
نئے آنے والے کھلاڑیوں میں ٹم روبنسن اور ول اورارکی کو بھی پہلی مرتبہ اسکواڈ کا حصہ بنایا گیا ہے، نیوزی لینڈ کے 9 کھلاڑی آئی پی ایل اور ایک کاؤنٹی کی وجہ سے دستیاب نہیں ہیں۔ ٹرینٹ بولٹ، ڈیون کانووے، لوکی فرگوسن، میٹ ہینری اور ڈیرل مچل آئی پی ایل میں مصروف ہیں۔ نیوزی لینڈ کرکٹ کے مطابق گلین فلپس، رچن روندرا، کین ولیمسن اور مچل سینٹنر بھی آئی پی ایل کھیل رہے ہیں۔
سینیئر کھلاڑی ول ینگ کاؤنٹی کھیل رہے ہیں جبکہ ٹام لیتھم گھریلو مصروفیات کی وجہ سے دستیاب نہیں ہیں، ٹم ساؤتھی کو ورک لوڈ مینجمنٹ کے تحت دورہ پاکستان کے لیے آرام دیا گیا ہے۔ دوسری جانب نیوزی لینڈ کی سی ٹیم کے خلاف پاکستانی کھلاڑیوں کو روٹیشن پالیسی کے تحت کھلائے جانے کا فیصلہ کرلیا گیا۔
قومی ٹیم کی سلیکشن کمیٹی ٹی20 ورلڈکپ سے قبل شاہین آفریدی سمیت کچھ کھلاڑیوں کو نیوزی لینڈ کے خلاف تمام میچز نہیں کھلانا چاہتی اور ورک لوڈ مینجمنٹ کے تحت پلئیرز کو آرام کروایا جائے گا تاکہ ورلڈ کپ سے قبل اہم کھلاڑی انجری کا شکار نہ ہوجائیں۔
اس لیے ان کی فٹنس کو لے کر یہ فیصلہ کیا گیا ہے، جبکہ اس حوالے سے کپتان بابراعظم سے بھی مشاورت کی جائے گی جس کے بعد کوئی حتمی فیصلہ سامنے آئے گا۔
واضح رہے نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم رواں ماہ 5 ٹی20 میچز کھیلنے کے لیے پاکستان کا دورہ کرے گی، دونوں ٹیموں کے درمیان سیریز کا آغاز 18 اپریل سے ہوگا۔ کیوی ٹیم 12 اپریل کو نیوزی لینڈ سے پاکستان کے لیے روانہ ہوگی۔