سعودی عرب کے گلوبل سینٹر فار کامبیٹنگ ایکسٹریمسٹ آئیڈیالوجی (اعتدال) اورٹیلی گرام پلیٹ فارم کے درمیان رواں سال 2024 کی پہلی سہ ماہی کے دوران مشترکہ کوششوں کے نتیجے میں 445 انتہا پسند چینلز کی بندش سمیت تین دہشت گرد تنظیموں سے تعلق رکھنے والے ایک کروڑ 64 لاکھ سے زائد مواد ہٹایا گیا ہے۔
اعتدال اور ٹیلی گرام مسلسل تیسرے سال داعش، تحریر الشام اور القاعدہ جیسی 3 دہشت گرد تنظیموں کی پروپیگنڈہ سرگرمیوں کا مقابلہ کرتے ہوئے تقریباً ایک کروڑ 16 لاکھ 34 ہزار سے زائد شدت پسند مواد ٹیلی گرام جیسے پلیٹ فارم سے ہٹانے میں کامیاب رہے ہیں۔
اعتدال کی جانب سے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق دہشت گرد تنظیم داعش کے 187 انتہا پسند چینلز بند کیے گئے جب کہ 32 لاکھ 27 ہزار سے زائد شدت پسندانہ نوعیت کے مواد کو ہٹایا گیا ہے، اسی طرح دہشت گرد تنظیم تحریر الشام کے 186 چینلز اور دہشت گرد تنظیم القاعدہ سے تعلق رکھنے والے 72 انتہا پسند چینلز بند کیے گئے اور 16 لاکھ 35 ہزار سے زائد انتہا پسندانہ نوعیت کے مواد کو ہٹایا گیا ہے۔
یہ بات قابل غور ہے کہ فروری 2022 میں گلوبل سینٹر فار کامبیٹنگ ایکسٹریمسٹ آئیڈیالوجی (اعتدال) اور ٹیلی گرام پلیٹ فارم کے ساتھ تعاون کے آغاز سے لے کر مارچ 2024 تک ہٹائے گئے انتہا پسندانہ نوعیت کے مواد پر مبنی پیغامات کی مجموعی تعداد 7 کروڑ 53 لاکھ 88 ہزار سے زائد رہی۔
اعتدال کے فراہم کردہ اعداد وشمار کے مطابق اسی دوران پروپیگنڈا اور انتہا پسندانہ افکار پر مبنی نشریات کے حامل ساڑھے 13 ہزار سے زائد انتہا پسند چینلز کو بھی مکمل طور پر بند کیا جاچکا ہے۔
اعتدال کس نوعیت کا ادارہ ہے؟
سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض میں موجود انتہا پسندانہ نظریات سے نبرد آزمائی کا یہ عالمی مرکز جسے اعتدال کے نام سے بھی جانا جاتا ہے، انتہا پسند نظریات کے سوشل میڈیا پر پرچار کے تدارک کے لیے قائم کیا گیا ہے۔
اس ادارے کی بنیاد 2017 میں سعودی فرمانروا شاہ سلمان بن عبدالعزیز آل سعود اور امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے درمیان 2017 کی ریاض سمٹ کے دوران ہونے والی ملاقات کے بعد رکھی گئی تھی۔
یہ ادارہ 12 رکنی بورڈ آف ڈائریکٹرز کے زیر انتظام ہے، جس میں مختلف بین الاقوامی تنظیمیں اور ریاستی ادارے شامل ہیں جن کا تقرر ہر 5 سال بعد کیا جاتا ہے۔