آئی پی ایل: کیا روہت شرما کو دوبارہ ممبئی انڈینز کا کپتان بنایا جارہا ہے؟

جمعرات 4 اپریل 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

سابق بھارتی کرکٹر منوج تیواری نے دعویٰ کیا ہے کہ انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) 2024 میں ممبئی انڈینز کے کپتان ہارڈک پانڈیا کی بری کارکردگی کی وجہ سے روہت شرما کو دوبارہ ٹیم کا کپتان بنائے جانے کا امکان ہے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق، رواں برس آئی پی ایل کے آغاز سے قبل 33 سالہ ہارڈک پانڈیا کو ممبئی انڈینز کا کپتان بنایا گیا تاہم سیزن کے پہلے 3 میچز میں بری کارکردگی کا مظاہرہ کرنے پر پانڈیا کو شائقین کی جانب سے شدید تنقید کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔

ممبئی انڈینز کی ٹیم اس وقت آئی پی ایل پوائنٹس ٹیبل پر 10ویں نمبر پر ہے اور اس کے سپورٹرز روہت شرما کو بطورکپتان دیکھنا چاہتے ہیں۔ ممبئی انڈینز کو 5 بار آئی پی ایل چیمپیئن بنانے والے روہت شرما کو حیران کن طور پر آئی پی ایل شروع ہونے سے پہلے ٹیم کی کپتانی سے ہٹا دیا گیا تھا۔

منوج تیواری کا کہنا ہے، ’ممبئی انڈینز فرنچائز کے مالکان اور ٹیم انتظامیہ متوقع طور پر روہت شرما کو دوبارہ کپتان بنا سکتے ہیں، ٹیم کا اگلا میچ 7 اپریل کو ’دہلی کیپٹینز‘ سے ہوگا، ممبئی انڈینز کے پاس کپتان بدلنے کا فیصلہ کرنے کے لیے زیادہ وقت نہیں ہے اور میرا خیال ہے کہ ہارڈک پانڈیا سے کپتانی لیکر روہت شرما کو دی جاسکتی ہے۔‘

دوسری جانب، بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ ایسا محسوس ہوتا ہے کہ پانڈیا کپتانی چھوڑنے کے لیے ابھی تیار نہیں ہیں، انہوں نے رواں سیزن میں پے در پے 3 میچز میں شکست کے باوجود اپنی ٹیم کے ہمراہ کوشش جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔

پانڈیا نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ’ایکس‘ پر ایک پوسٹ میں لکھا ہے، ’اگر آپ اس ٹیم کے بارے کچھ جاننا چاہتے ہیں تو وہ یہ ہے کہ یہ ٹیم کبھی ہمت نہیں ہارتی، ہم اپنی لڑائی اور کوشش جاری رکھیں گے۔‘

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp