پاکستان تحریک انصاف کے بانی چئیرمین اور سابق وزیراعظم عمران خان نے جمعرات کو پارٹی کی سیاسی قیادت سے طویل عرصے کے بعد ملاقات کی ہے۔
عمران خان سے ملاقات کے لیے جانے والوں میں اپوزیشن لیڈر عمر ایوب، شبلی فراز، اسد قیصر، انتظار پنجوتھہ، سیف اللہ نیازی اور شاہ فرمان شامل تھے۔
سابق وزیراعظم عمران خان نے آج اڈیالہ جیل میں سیف اللہ نیازی کو دیکھ کر ناگواری کا اظہار کیا اور سلام کرنے کے بعد کہا ’تم تو ہمیں چھوڑ گئے تھے ‘۔
مزید پڑھیں
ذرائع کے مطابق عمران خان کے ساتھ جیل میں ملاقات کے لیے بنائی گئی کمیٹی نے سیف اللہ نیازی کا نام ملاقاتیوں کی فہرست میں بھی شامل نہیں کیا تھا نہ عمران خان نے ان کے نام کی منظوری دی۔
ذرائع نے بتایا کہ سیف اللہ نیازی عمران خان سے ملاقات کے لیے عدالتی حکمنامہ لے کر اڈیالہ جیل پہنچے جس کی وجہ سے جیل حکام نے ان کو ملاقات کے لیے اندر جانے کی اجازت دی۔
دوسری طرف ذرائع نے بتایا کہ عمران خان نے سیف اللہ نیازی کی ملاقات میں موجودگی پر ناگواری کا اظہار کیا اور سلام کا جواب دینے کے علاوہ ان سے کوئی گفتگو نہیں کی، عمران خان نے آج سیاسی رہنماؤں سے ہونے والی ملاقات میں سیاسی حکمت عملی کو زیر بحث نہیں لایا ۔
خیال رہے کہ سیف اللہ نیازی 9 مئی واقعے کے بعد پارٹی چھوڑنے کا اعلان کرچکے ہیں۔
سابق وزیراعظم عمران خان نے شبلی فراز و دیگر سیاسی رہنماؤں کے ساتھ طویل عرصے کے بعد جیل میں ملاقات کی ہے۔