پاکستان مسلم لیگ ن کے سینیئر رہنما و وفاقی وزیر پیٹرولیم مصدق ملک نے کہا ہے کہ نواز شریف اور شہباز شریف عام انتخابات کے بعد حکومت نہیں بنانا چاہتے تھے۔
نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے مصدق ملک نے کہاکہ شہباز شریف نے اپنی تقریر میں پی ٹی آئی کو حکومت بنانے کی دعوت دی تھی۔
مزید پڑھیں
انہوں نے کہاکہ پی ٹی آئی اگر حکومت بنانے کے لیے الیکشن لڑ رہی تھی تو پھر حکومت بنائی کیوں نہیں؟، آتے حکومت بناتے اور عوام کے مسائل حل کرتے، ہم بھی مسائل حل کررہے ہیں۔
مصدق ملک نے کہاکہ میں نے ابھی تک نہیں سنا کہ ہم سے زبردستی حکومت بنوائی گئی ہے۔ تحریک انصاف اب آکر حکومت بنا لے، ہمیں احتجاج سے فرق نہیں پڑتا۔
واضح رہے کہ نواز شریف جب 21 اکتوبر 2023 کو وطن واپس آئے تو مسلم لیگ ن کی جانب سے یہ بیانیہ بنایا گیا کہ قائد ن لیگ چوتھی بار وزیراعظم منتخب ہوں گے، مگر 8 فروری 2024 کو انتخابات کے غیر متوقع نتائج کے بعد شہباز شریف کو وزیراعظم بنانے کا فیصلہ ہوا۔
اس وقت شہباز شریف اتحادی جماعتوں کے وزیراعظم ہیں، جبکہ نواز شریف چاہتے تھے کہ ان کی پارٹی کو کم از کم سادہ اکثریت حاصل ہو تو پھر وہ وزارت عظمیٰ کا منصب سنبھالیں، انتخابی مہم کے دوران مسلم لیگی رہنما اکثر یہ کہتے تھے کہ ن لیگ کو سادہ اکثریت ملے گی۔