نواز شریف سیاسی بحران ختم کر سکتے ہیں تاہم عمران خان بڑی رکاوٹ ہیں، رانا ثنااللہ

جمعہ 5 اپریل 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان مسلم لیگ ن کے سینیئر رہنما و سابق وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنااللہ نے کہا ہے کہ ملک کو آگے لے جانے کے لیے سیاسی بحران کا خاتمہ بہت ضروری ہے، نواز شریف سیاسی بحران ختم کرسکتے ہیں لیکن عمران خان اس میں بڑی رکاوٹ ہیں۔

نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ نواز شریف کو مینڈیٹ نہیں ملا ورنہ سب کو ساتھ لے کر چلتے ہوئے ملک کو بحرانوں سے نجات دلاتے، تاہم یہ عوام کا فیصلہ ہے جو ہمیں قبول ہے۔

انہوں نے کہاکہ شہباز شریف ملک کو معاشی بحران سے نکالنے کے لیے کوششیں جاری رکھے ہوئے ہیں، اور اس کام کے لیے ان سے بہتر کوئی نہیں ہوسکتا۔

رانا ثنااللہ نے کہاکہ سیاسی بحران ختم کرنے کے لیے قومی سطح پر کردار ادا کرنے کی ضرورت ہے، جب تک تمام لوگ سر جوڑ کر نہیں بیٹھیں گے ملک بحران سے نہیں نکلے گا۔

انہوں نے کہاکہ عمران خان پر توشہ خانہ کیس کا الزام درست ہے، تاہم کیسز کے ٹرائل میں پروسیجرل مسائل ضرور ہوئے ہیں۔ استغاثہ کی کمزوریوں کا فائدہ ہمیشہ ملزم کو پہنچتا ہے۔

ایک سوال کے جواب میں سابق وفاقی وزیر داخلہ نے کہاکہ سزائیں معطل ہوئیں تو عمران خان باہر آسکتے ہیں مگر یہ ختم تو نہیں ہوں گی۔

انہوں نے کہاکہ الیکشن سے چند روز قبل عمران خان کو ہونے والی سزائوں کا انہیں سیاسی فائدہ ہوا، وہ روز ٹی وی پر چھائے ہوتے تھے۔

ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہاکہ نواز شریف سیاست سے ریٹائر نہیں ہورہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp