عید کی چھٹیوں کے دوران ملک میں تیز بارشوں کا امکان

پیر 8 اپریل 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

محکمہ موسمیات نے مری اور گلیات میں عید کی چھٹیوں کے دوران 13 سے 15 اپریل تک تیز بارشوں اور لینڈ سلائیڈنگ کے خدشہ کے پیش نظر محتاط رہنے کی ہدایت کی ہے۔

پیر کو محکمہ موسمیات اسلام آباد کی جانب سے جاری ایڈوائزری کے مطابق مغربی ہواؤں کے 2 سلسلے 10 اپریل اور 12 اپریل کو ملک میں داخل ہوں گے جن کے باعث 10 سے 15 اپریل کے دوران تیز آندھی، جھکڑ چلنے اور گرج چمک کے ساتھ بارش کی توقع ہے۔

محکمہ موسمیات کی پیشگوئی کے مطابق، راولپنڈی/ اسلام آباد، مری، چکوال، جہلم اور پنجاب کے دیگر حصوں میں 10 اپریل سے 15 اپریل تک وقفے وقفے سے آندھی اور بارشوں کی توقع ہے۔

مغربی ہواؤں کے ان 2 سلسلوں کی وجہ سے بلوچستان، خیبرپختونخوا، گلگت بلتستان و کشمیر اور صوبہ سندھ کے بھی کئی حصوں میں بارش اور گرج چمک کی توقع ہے۔ اس پیشگوئی کے پیش نظرضلعی انتظامیہ نے عید کے موقع پر مری میں تمام محکموں کو الرٹ رہنے کی ہدایت جاری کی ہے اور کہا ہے کہ عید کے دوران مری میں سیاحوں کی تعداد میں خاطر خواہ اضافہ ہو جاتا ہے اور ان حالات میں سیاحوں کے تحفظ کے لیے ممکنہ اقدامات کیے جائیں۔

جاری مراسلے میں تمام سرکاری افسران کو ہدایت کی گئی ہے کہ عید کے دنوں میں مری کے داخلی اور خارجی راستوں کی خصوصی نگرانی کی جائے اور مری میں داخل اور خارج ہونی والی گاڑیوں کی تعداد کو مقررہ ایس او پیز کے مطابق کنٹرول کیا جائے۔

شہریوں کی مناسب رہنمائی کی جائے اور ان کو تیز بارش کی صورت میں سڑکوں پر پھسلنے کے خطرات سے آگاہ کیے جانے کی ہدایت کی گئی ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق مغربی ہواؤں کا سلسلہ 10 اپریل کو ملک کے بالائی علاقوں میں داخل ہوگا اور  بارش کا یہ سلسلہ 10 سے 15 اپریل تک وقفے وقفے سے جاری رہےگا۔

محکمہ موسمیات کا بتانا ہےکہ خیبرپختونخوامیں10 سے 15 اپریل بعض مقامات پرموسلادھاربارش اور ژالہ باری کا امکان ہے۔

اس کے علاوہ کشمیر،گلگت بلتستان میں موسلا دھاربارش اورپہاڑوں پربرفباری متوقع ہے، مری،گلیات، اٹک اورچکوال میں وقفے وقفے سے بارش کی توقع کی جارہی ہے جب کہ فیصل آباد، سرگودھا اور سیالکوٹ سمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں بارش کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق بلوچستان میں 12 سے 14 اپریل مختلف حصوں میں بارش کا امکان ہے۔ کراچی، حیدرآباد، سکھر، جیکب آباد میں13 اور14 اپریل کے دوران بارش کا امکان ہے۔

اس کے علاوہ بالائی خیبرپختونخوا،کشمیر، مری، گلگت بلتستان میں لینڈسلائیڈنگ کاخدشہ بھی ہے جب کہ موسلادھاربارش کے باعث 13 سے 15 اپریل دیر، سوات، چترال اور کوہستان میں طغیانی کا خدشہ ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp