وزیر اعظم محمد شہباز شریف اور قطر کے امیر شیخ تمیم بن حمد الثانی کے درمیان ٹیلیفونک رابط ہوا جس میں انہوں نے عیدالفطر کی مبارکباد پیش کی۔
وزیراعظم آفس کے مطابق دونوں راہنماؤں نے پاکستان اور قطر کے درمیان قریبی برادرانہ تعلقات، مشترکہ مفاد کے تمام شعبوں میں ملکر کام کرنے اور اقتصادی اور تجارتی تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔
مزید پڑھیں
امیر قطر نے بھی گرمجوشی سے وزیر اعظم کو عید کی مبارکباد پیش کی اور پاکستانی عوام کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ وزیراعظم نے قطر کے امیر کو پاکستان کا سرکاری دورہ کرنے کی دعوت دی جو امیر نے قبول کرتے ہوئے یقین دہانی کرائی کہ وہ جلد پاکستان کا دورہ کریں گے۔
گزشتہ سال دونوں ممالک کے درمیان سفارتی تعلقات کے قیام کی 50 ویں سالگرہ منائی گئی تھی۔ دونوں رہنماؤں نے ایک دوسرے کے ساتھ مل کر کام کرنے اور تمام باہمی فائدہ مند شعبوں میں تعاون کو مزید وسعت دینے کے عزم کا اعادہ بھی کیا ہے۔