ایلون مسک دورہ بھارت میں مودی سے ملاقات کے علاوہ کیا بڑے اعلانات کریں گے؟

جمعہ 12 اپریل 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

ٹیسلا کے سی ای او ایلون مسک نے کہا ہے کہ وہ بھارتی وزیراعظم نریندر مودی سے ملاقات کے لیے انڈیا کا دورہ کریں گے اور وہاں ایک بڑی سرمایہ کاری اور ایک فیکٹری کھولنے کا بھی اعلان کریں گے۔

برطانوی نشریاتی ادارے بی بی سی کے مطابق، ایلون مسک نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر ایک پوسٹ میں لکھا، ‘میں بھارتی وزیراعظم نریندر مودی سے ملاقات کا منتظر ہوں۔’

ایلون مسک نے اپنی پوسٹ میں واضح نہیں کیا کہ وہ کب بھارت کا دورہ کریں گے تاہم ‘ہندوستان ٹائمز’ نے غیرملکی میڈیا کا حوالہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ ایلون مسک 21 سے 22 اپریل تک بھارت کا دورہ کریں گے۔

اس دورے کے دوران ایلون مسک بھارت میں ‘اسٹار لنک’ کی سروسز شروع کرنے کا بھی اعلان کریں گے۔ علاوہ ازیں وہ بھارتی صنعت کاروں سے بھی ملاقاتیں کریں گے۔ ایلون مسک 22 اپریل کو وزیراعظم مودی سے ملاقات کریں گے۔

رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ ٹیسلا کی جانب سے انڈیا میں 2 سے 3 ارب ڈالر سرمایہ کاری کا اعلان کیا جائے گا۔ ٹیسلا بھارت میں کاریں تیار کرے گا اور ان کاروں کو مقامی مارکیٹ کے علاوہ انٹرنیشنل مارکیٹ میں بھی فروخت کیا جائے گا۔

بھارتی انتخابات اور ایلون مسک کا دورہ

ایلون مسک ایک ایسے وقت بھارت کا دورہ کررہے ہیں جب بھارت میں عام انتخابات کا انعقاد کیا جارہا ہے۔ بھارتی انتخابات کے دوران ایلون مسک کی جانب سے سرمایہ کاری کا اعلان مودی کے لیے مفید ثابت ہوسکتا ہے۔

واضح رہے کہ ایلون مسک اور مودی کی ملاقات گزشتہ سال جون میں نیویارک میں ہوئی تھی۔ ٹیسلا بھارت سے الیکٹرک گاڑیوں پر درآمدی ٹیکس کم کرنے کے لیے لابنگ کر رہی ہے۔

بی بی سی کے مطابق، امریکا اور چین میں ٹیسلا گاڑیوں کی فروخت میں کمی آئی ہے اسی لیے ٹیسلا نے انڈیا میں اپنی گاڑیوں کا پلانٹ لگانے کا فیصلہ کیا ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp