گلگت بلتستان میں شدید بارشوں کی پیش گوئی، الرٹ جاری

پیر 15 اپریل 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

گلگت بلتستان کے مختلف اضلاع میں تیز ہواؤں کے ساتھ شدید بارش کی پیش گوئی کے بعد الرٹ جاری کر دیا گیا۔

محکمہ موسمیات کے مطابق 18 سے22 اپریل تک گلگت بلتستان کے مخلتف اضلاع میں تیز ہواوں کے ساتھ بارش کا امکان ہے جس کے بعد الرٹ جاری کردیا گیا ہے۔

مسافروں کو وارننگ جاری کی گئی ہے کہ وہ غیر ضروری سفر سے اجتناب کریں۔

ادھر گزشتہ روز سے گلگت کے بالائی علاقوں میں بارش اور برفباری کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری ہے۔

شاہراہ قراقرم اور اسکردو روڈ بھی لینڈ سلائیڈنگ کے باعث متعدد مقامات پر بلاک ہوچکی ہے۔

لوگ گھروں میں محصور

گلگت کے بالائی علاقوں میں برفباری کی وجہ سے لوگ گھروں میں محصور ہو کر رہ گئے ہیں جب کہ نظام زندگی متاثر ہو کر رہ گیا ہے۔

ادھر مسافر عید کے بعد شہروں کا رخ کر رہے تھے وہ بھی شاہراہ قراقرم بلاک ہونے کی وجہ سے پھنس کر رہ گئے ہیں۔

لوئر کوہستان کے مقام پر روڈ بلاک

لوئر کوہستان پٹن کے مقام پر روڈ بلاک ہونے کی وجہ سے ہر قسم کی ٹریفک کے لیے بند جبکہ دیامر، تتہ پانی، گندلو کے مقام پر بھی لینڈ سلائیڈنگ سے قراقرم ہائی وے بند ہوچکی ہے اور جگہ جگہ طغیانی اور لینڈ سلائیڈنگ کی وجہ سے مسافر پھنس گئے ہیں۔

بالائی پہاڑوں پر برف باری جاری

دیامر کے سیاحتی مقامات بابوسر ٹاپ، گیٹی داس اور بٹوگاہ ٹاپ پر برفباری اور گلگت بلتستان کے دور افتادہ علاقوں میں بارش کے ساتھ بالائی پہاڑوں پر برفباری کی وجہ سے معمولات زندگی بھی شدید متاثر ہوچکے ہیں۔

گلگت بلتستان بھر میں بارشوں اور برفباری کے باعث سردی کی لہر میں بھی اضافہ ہو گیا ہے، لوگوں نے گرم ملبوسات دوبارہ پہننا شروع کردیے ہیں۔

سفر سے اجتناب برتنے کی ہدایت

بارشوں سے دیامر اور کوہستان کے پہاڑی علاقوں اور شاہراہ قراقرم پر مزید لینڈ سلائیڈنگ کے خدشہ کے پیش نظر محکمہ موسمیات اور ضلعی انتظامیہ نے سیاحوں سمیت مسافروں کو سفر سے اجتناب برتنے کی ہدایات جاری کی ہیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp