اسرائیل ایران تنازع: پی ٹی آئی نے دفتر خارجہ کے موقف کو کمزور اور ناکافی قرار دیدیا

پیر 15 اپریل 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان تحریک انصاف نے ایران کی جانب سے اسرائیل کو حملے کا جواب دینے کے بعد پاکستان کا موقف نہایت کمزور، مبہم، غیر موثر اور ناکافی قرار دیدیا۔

ترجمان تحریک انصاف نے کہاکہ عوامی مینڈیٹ پر کھلے ڈاکے کے نتیجے میں اقتدار پر قابض حکومت کی جانب سے مشرقِ وسطیٰ کی مجموعی صورتحال اور ایران اسرائیل تصادم پر قومی امنگوں کی ترجمانی میں ناکامی کی شدید ترین الفاظ میں مذمت کرتے ہیں۔

مزید پڑھیں

ترجمان نے کہاکہ عمران خان اگر اقتدار میں ہوتے تو مسلم اُمّہ کو درکار قیادت فراہم کرتے۔

انہوں نے کہاکہ بیگناہ عورتوں، بچوں اور ضعیف افراد سمیت 35 ہزار فلسطینیوں کو نہایت بےرحمی اور سفاکیت سے موت کی نیند سلانے والے عالمی دہشت گرد اسرائیل کیخلاف موثر سفارتکاری میں کھلی ناکامی نہایت افسوسناک ہے۔

ترجمان نے کہاکہ قبلہ اول پر ناجائز طور پر قابض اور جارح ریاست اسرائیل پر پاکستان کا قومی مؤقف قائدِاعظم کے وضع کردہ اصولوں پر استوار ہے۔

ترجمان تحریک انصاف نے کہاکہ عوامی مینڈیٹ روند کر پچھلے 2 سال سے بالعموم اور 8 فروری کے بعد سے بالخصوص اقتدار پر وہ لوگ قابض ہیں جو اسرائیل کے حوالے سے نہایت مشکوک کردار اور ایجنڈے کے حامل ہیں۔

انہوں نے کہاکہ مشرقِ وسطیٰ میں عالمی طاقتوں کی مجرمانہ پشت پناہی سے انسانیت اور عالمی قوانین کی دھجیاں اڑانے والے اسرائیل سے خفیہ روابط اور قومی پالیسی سے فرار کی مکروہ کوششیں ان کے نامۂ اعمال کا حصہ ہیں۔

دفتر خارجہ اپنے بے جان بیان میں اسرائیل کا نام تک نہیں لے سکا

ترجمان نے کہاکہ غزہ میں نہتّی مقبوضہ آبادی پر اسرائیل کی غیرانسانی اور وحشیانہ یلغار کے خلاف قوم کے جذبات کو بے جان بیانات اور کھلی بے عملی کی نذر کیا گیا۔

ترجمان نے کہاکہ دفترِ خارجہ اپنے بے جان بیان میں اس اسرائیل کا نام تک نہیں لے سکا جس کے لیے ہمارا پاسپورٹ تک کارآمد نہیں۔

عالمی برادری غزہ میں مظالم رکوائے، پی ٹی آئی کا مطالبہ

ترجمان کا کہنا تھا کہ پاکستان تحریک انصاف اسرائیل کو مزید جارحیت سے باز رکھنے اور غزّہ میں فوری جنگ بندی کے لیے عالمی برادری اور مسلم ممالک سے فوری کردار کے مطالبے کا اعادہ کرتی ہے۔

انہوں نے کہاکہ اقوام متحدہ کی قراردادوں کی روشنی میں اہلِ فلسطین کی امنگوں کی روشنی میں مسئلہ فلسطین کے موثرحل کے بغیر اسرائیل پر قومی موقف میں رتّی بھر ردّوبدل قوم گوارا کرے گی نہ اقتدار پر غاصب غیرمنتخب ٹولے کو اس باب میں سودے بازی کی اجازت دیں گے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp