وزیرِ اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور نے کہا ہے کہ وزیر اعظم شہباز شریف سے ملاقات پر بانی پی ٹی آئی سے کوئی ناراضی نہیں، وزیراعظم اس وقت ملک کو لیڈ کر رہے ہیں، ظاہر ہیں صوبے کے معاملات پر انہی سے ملاقات ہوگی، وزیرِاعظم سے بطور وزیرِاعلیٰ معاملات چل رہے ہیں۔
راولپنڈی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے علی امین گنڈاپور نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کو جعلی کیسز میں بند کیا گیا ہے، یہ سب بے نقاب ہوں گے۔ بانی تحریک انصاف مبارکباد کے مستحق ہیں کہ قوم جاگ چکی ہے، بانی پاکستان تحریک انصاف بہت جلد جیل سے باہر ہوں گے۔
مزید پڑھیں
علی امین گنڈاپور نے کہا کہ فارم 47 بنانے والے نے اعتراف کیا تو کہا گیا وہ ذہنی مریض ہے۔ کسی کا ضمیر جاگتا ہے تو کہتے ہیں ذہنی مریض ہے، یہ سمجھتے ہیں ڈنڈے کے زور پر سب کے منہ بند کر دیں گے۔
وزیرِ اعلیٰ خیبر پختونخوا نے کہا کہ ملک میں سب سے بڑا مینڈیٹ پی ٹی آئی کو ملا، کبھی لندن پلان کبھی کوئی پلان بن جاتا ہے، کچھ لوگ اپنی خواہش پر ملک کو چلائیں گے تو ایسا ہی ہوتا ہے۔
علی امین گنڈا پور نے کہا کہ عدلیہ کا احترام کرتے ہوئے عدالت میں پیش ہوئے، مجھ پر جو مقدمات ہیں ان کے مطابق میں ایک وقت پر 8 ضلعوں میں موجود تھا اور وہاں کارروائیاں کر رہا تھا۔ نظام دن بہ دن ایکسپوز ہورہا ہے۔ 6 ججز کے خطوط کا معاملہ سنگین نوعیت کا ہے۔ بانی پی ٹی آئی کو جعلی کیسز میں بند کیا گیا ہے۔ انتخابات میں بدترین دھاندلی ہوئی، حقیقی آزادی تک جنگ جاری رہے گی۔
ان کا کہنا تھا کہ عدت نکاح کیس میں بشریٰ بی بی کو سزا دی گئی یہ کتنی شرم ناک بات ہے، ہم کتنے گھٹیا ہو چکے ہیں، ہم نے بشریٰ بی بی کی صحت پر ان کو خط لکھا تھا کہ ان کے معائنے کے لیے ہمیں اجازت دی جائے۔
قبل ازیں راولپنڈی کی انسداد دہشت گردی عدالت نے 9 مئی جلاؤ گھیراؤ کیس کے 12 مقدمات میں وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈا پور کی ضمانت منظور کی۔
وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا 9 مئی کے مقدمات میں ضمانتوں کے لیے انسداد دہشت گردی عدالت میں پیش ہوئے۔ جج ملک اعجاز آصف نے درخواستوں پر سماعت کرتے ہوئے ان کی ضمانت منظور کی اور ذاتی مچلکے جمع کرانے کی ہدایت بھی جاری کیں۔