لاہور ہائیکورٹ نے سنی اتحاد کونسل کے امیدوار بلال اعجاز کو عام انتخابات میں کامیاب قرار دیدیا

منگل 16 اپریل 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

لاہور ہائیکورٹ نے حلقہ این اے 81 گجرانوالہ سے ن لیگ کے امیدوار اظہر قیوم کی عام انتخابات میں کامیابی کالعدم قرار دے دی۔ عدالت نے سنی اتحاد کونسل کے امیدوار بلال اعجاز چوہدری کو بطور ممبر نیشنل اسمبلی بحال کر دیا۔

لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس شاہد کریم نے سنی اتحاد کونسل کے امیدوار چوہدری بلال اعجاز کی درخواست پر سماعت کی۔

درخواست گزار کے وکیل نے مؤقف اختیار کیا کہ سنی اتحاد کونسل کے امیدوار چوہدری بلال اعجاز جنرل الیکشن  میں این اے 81 گجرانوالہ سے 8 ہزار ووٹوں سے کامیاب قرار پائے تھے۔

ن لیگ کے امیدوار نے الیکشن کمیشن کو ووٹوں کی دوبارہ گنتی کی درخواست دی۔ الیکشن کمیشن نے ووٹوں کی دوبارہ گنتی پر لیگی امیدوار کو کامیاب قرار دے دیا تھا۔

متعلقہ ریٹرنگ افسر نے ووٹوں کی دوبارہ گنتی پر سنی اتحاد کونسل کے امیدوار کے ڈھائی ہزار ووٹ کم کر دیے۔ درخواست گزار نے استدعا کی کہ عدالت ن لیگی امیدوار اظہر قیوم کی کامیابی کلعدم قرار دے۔

لاہور ہائیکورٹ نے دلائل سننے کے بعد این اے 81 گجرانوالہ سے ن لیگ کے امیدوار اظہر قیوم کی عام انتخابات میں کامیابی کلعدم قرار دے دی۔ عدالت نے سنی اتحاد کونسل کے امیدوار بلال اعجاز چوہدری کی بطور ایم این اے بحال کر دیا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp