افغانستان سے پاکستان میں داخلے کی کوشش ناکام، سیکیورٹی فورسز نے 7 دہشتگرد ہلاک کردیے

بدھ 17 اپریل 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

سیکیورٹی فورسز نے افغان بارڈر سے دراندازی کرکے پاکستان میں داخلے کی کوشش کرنے والے 7 دہشتگردوں کو ہلاک کردیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق شمالی وزیرستان کے ضلع غلام خان کے جنرل علاقے اسپن کئی میں دہشتگردوں نے سرحد پر دراندازی کی کوشش کی تو سیکیورٹی فورسز نے گھیر لیا۔ اور اس موقع پر شدید فائرنگ کا بھی تبادلہ ہوا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق ہلاک ہونے والے دہشتگردوں کے قبضے سے بھاری مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود برآمد ہوا ہے۔

آئی ایس پی آر نے کہا ہے کہ پاکستان مستقل طور پر عبوری افغان حکومت سے کہتا رہا ہے کہ وہ سرحد کے اطراف میں موثر بارڈر مینجمنٹ کو یقینی بنائے۔ توقع ہے کہ عبوری افغان حکومت اپنی ذمہ داریاں پوری کرے گی اور پاکستان کے خلاف دہشتگردی کی کارروائیوں کے لیے افغان سرزمین کے استعمال سے انکار کرے گی۔

آئی ایس پی آر نے کہاکہ پاکستان کی سیکیورٹی فورسز اپنی سرحدوں کو محفوظ بنانے اور ملک سے دہشتگردی کی لعنت کے خاتمے کے لیے پرعزم ہیں۔

واضح رہے کہ ملک میں دہشتگردی کی لہر نے ایک بار پھر سر اٹھا لیا ہے۔ جبکہ پاکستان کی جانب سے بار بار اس الزام کو دہرایا جا رہا ہے کہ پاکستان میں دہشتگردی کے لیے افغان سرزمین استعمال ہورہی ہے۔

حال ہی میں وزیر دفاع خواجہ آصف نے اپنے ایک بیان میں کہا تھا کہ پاکستان میں دہشتگردی کا منبع افغانستان ہے جس کی وجہ سے ہمارے پاس آپشن محدود ہوتے جارہے ہیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp