پاکستان اور جمہوریہ چیک نے مختلف شعبوں میں دو طرفہ تعاون کو بڑھانے پر اتفاق کیا ہے اور عزم کا اعادہ کیا ہے کو دونوں ممالک تجارت، سرمایہ کاری، تعلیم اور عوامی سطح پر تبادلوں اور تعاون کو مزید آگے بڑھائیں گے۔
مزید پڑھیں
دفتر خارجہ کی جانب سے جاری پریس ریلیز کے مطابق پاکستان کے وزیر خارجہ اسحاق ڈار کو جمہوریہ چیک کے وزیر خارجہ جان لیپوسکی نے ٹیلی فون کیا۔
ٹیلی فون پر ہونے والی گفتگو میں پاکستان اور جمہوریہ چیک کے درمیان قریبی دوستانہ تعلقات کی عکاسی کرتے ہوئے دونوں وزرائے خارجہ نے باہمی دلچسپی کے تمام شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔
بیان کے مطابق وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے آئندہ سال پاکستان اور جمہوریہ چیک کے درمیان سفارتی تعلقات کے قیام کے 75 سال پورے ہونے کا ذکر کرتے ہوئے تجارت، سرمایہ کاری، تعلیم اور عوامی سطح پر تبادلوں سمیت مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے کی اہمیت پر زور دیا۔
دونوں وزرائے خارجہ نے باہمی دلچسپی کے علاقائی اور عالمی امور پر روابط اور مذاکرات کو آگے بڑھانے پر بھی اتفاق کیا۔