شعیب اختر کس کاروبار سے پیسہ کماتے ہیں؟

جمعہ 19 اپریل 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

سابق لیجنڈری فاسٹ بولر شعیب اختر نے کرکٹ کیریئر ختم ہونے کے بعد کون سا کاروبار کیا اور کس طرح اپنی دولت کو مستحکم رکھا، اپنی کامیابی کا راز بتاتے ہوئے انہوں نے دیگر کھلاڑیوں کو بھی یہی کاروبار کرنے کا مشورہ دیا جس سے وہ سن 1999 سے منسلک ہیں۔

راولپنڈی ایکسپریس شعیب اختر نے نجی ٹی وی چینل پر ایک پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے اپنی مالی کامیابی کا راز بتاتے ہوئے کہا کہ کرکٹ کو ذریعہ معاش تو نہیں بنایا، البتہ اس سے ہونے والی کمائی کے ذریعے متعدد جائیدادیں بنانے اور اربوں روپے کمانے کا آسان فارمولا بتایا اور باقیوں کو بھی اس پر عمل کرنے کا مشورہ دیا۔

اپنی کاروباری حکمت عملی کے حوالے سے بات کرتے ہوئے شعیب اختر کا کہنا تھا کہ انہوں نے ابتدائی طور پر اسلام آباد میں مختلف مقامات پر چھوٹی چھوٹی زمینیں خریدنا شروع کیں، لوگوں کی تنقید کے باوجود زمینیں خریدنے کا سلسلہ جاری رکھا، جو بعد میں لاکھوں سے کروڑوں کی ہوگئیں۔

انہوں نے کہا کہ اس وقت لوگ ان کو تنقید کا نشانہ بناتے تھے اور کہتے تھے کہ یہ ملبے کیوں خرید لیتے ہو، لیکن ان کو یہی کہا کرتا تھا کہ آنے والے برسوں میں یہ علاقے قائم ہونا شروع ہو جائیں گے۔ ساتھی کرکٹرز کو بھی یہی مشورہ دیا کرتا تھا کہ زمینیں خرید لو کیریئر ختم ہوگا تو یہ کام آئیں گی لیکن انہوں نے نہیں مانا اور اب ان تمام زمینوں کی قیمت پاکستانی کروڑوں روپے ہے۔

شعیب اختر نے بتایا کہ ایک ملاقات میں کرکٹر شاہین شاہ آفریدی کو بھی یہی مشورہ دیا کہ اپنے آبائی علاقے صوابی کے مضافات میں زمینیں خریدنا شروع کردیں، جب کیریئر ختم ہوگا تو یہ کام آئیں گی۔ دیگر کھلاڑیوں کو بھی ایسے کاروباری منصوبہ دیتا رہتا ہوں، جس کے ذریعے وہ کیریئر ختم کرنے کے بعد مالی استحکام حاصل کرسکتے ہیں۔

انہوں نے اپنے آپ کو خوش قسمت بتاتے ہوئے کہا کہ یہ مشورے ان کی والدہ نے دیے تھے، اور بھائیوں نے ہمیشہ اس حوالے سے اسپورٹ کیا ہے۔ سوشل میڈیا صارفین نے ان کے اس کاروباری نقطہ نظر کو خوب سراہا، اور اپنے کمنٹس کے ذریعے تعریف کرتے ہوئے انہیں اچھے کرکٹر کے ساتھ ایک اچھا بزنس مین بھی قرار دیا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp