پاکستان اسٹاک ایکسچینج (پی ایس ایکس) میں جمعہ کو ایک نیا ریکارڈ قائم ہوا ہے اور اس کا بینچ مارک کے ایس ای 100 انڈیکس تاریخ میں پہلی بار 620 پوائنٹس کے اضافے کے ساتھ 71 ہزار کے قریب کی بلند ترین سطح پر بند ہوا۔
مزید پڑھیں
کے ایس ای 100 نے ایران پر اسرائیل کے حملے سے متعلق خبروں پر ٹریڈنگ سیشن کا آغاز منفی انداز میں کیا۔ تاہم جلد ہی مارکیٹ میں بہتری آئی اور انٹرا ڈے کی بلند ترین سطح 70,968.98 تک پہنچ گئی۔
اختتام پر بینچ مارک انڈیکس 619.79 پوائنٹس یا 0.88 فیصد اضافے کے ساتھ 70,909.90 پر بند ہوا۔
آٹوموبائل اسمبلرز، کیمیکل، تیل و گیس کی تلاش کرنے والی کمپنیوں اور او ایم سیز سمیت دیگر شعبوں میں شیئرز کی خریداری دیکھی گئی جبکہ او جی ڈی سی، پی پی ایل، پی ایس او اور شیل ٹریڈنگ کے انڈیکس ہیوی اسٹاک میں اضافہ دیکھا گیا۔
عارف حبیب لمیٹڈ (اے ایچ ایل) کی ایک تجزیہ کار ثنا توفیق نے مقامی اخبارات کے نمائندوں کو بتایا کہ ’ ایران پر اسرائیل کے حملے کی اطلاعات کے باعث اسٹاک ایکسچینج میں ابتدائی طور پر منفی رجحان دیکھنے کو ملا تاہم جلد ہی مارکیٹ میں بہتری آئی ہے تاہم اگر دونوں ممالک کے درمیان کشیدگی میں اضافہ ہوتا ہے تو حالات مزید بگڑ جائیں گے۔
تجزیہ کار نے کہا کہ شیئرز کی خریداری اس سہ ماہی میں مقامی لسٹڈ کمپنیوں کی طرف سے ظاہر کردہ مضبوط کارپوریٹ آمدنی کی وجہ سے ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس کے علاوہ، ریکوڈک کے بارے میں پیش رفت بھی مارکیٹ کے لیے مثبت ثابت ہوئی ہے۔
عالمی سطح پر جاپان کے نکی حصص کی اوسط جمعہ کے روز 3 فیصد سے زیادہ گر کر 2 ماہ سے زیادہ عرصے کی کم ترین سطح پر آ گئی کیونکہ چپ سے متعلق حصص نے تائیوان کی چپ بنانے والی کمپنی ٹی ایس ایم سی میں نقصانات کا پتا لگایا ہے جبکہ مشرق وسطیٰ میں کشیدگی میں اضافے نے بھی خطرات کو جنم دیا ہے۔
نکی کے شیئرز 36,733.06 تک گر گئے، جو 8 فروری کے بعد سے اس کی کم ترین سطح ہے ، اس سے پہلے صبح کے سیشن کا اختتام 3.31 فیصد کمی سے 36،818.81 پر ہوا۔