قومی اسمبلی کے 5 اور 16 صوبائی حلقوں میں ضمنی انتخابات کل یعنی 21 اپریل بروز اتوار کو منعقد کیے جارہے ہیں، جہاں پولنگ صبح 8 سے شام 5 بجے تک جاری رہے گی۔
الیکشن کمیشن کے مطابق این اے 8 باجوڑ، این اے 44 ڈی آئی خان، این اے 119 لاہور، این اے 132 قصور اور این اے 196 قمبر شہداد کوٹ میں ضمنی انتخابات کا عمل اتوار کو ہوگا، جبکہ بلوچستان میں پی بی 50 قلعہ عبداللہ میں سپریم کورٹ کے حکم پر دوبارہ پولنگ بھی اسی روز ہوگی۔
مزید پڑھیں
پنجاب سے 12 صوبائی حلقوں کے ضمنی انتخابات میں 174 امیدوار حصہ لے رہے ہیں، جہاں ووٹروں کی تعداد 40 لاکھ 44 ہزار 552 ہے، جنہیں پولنگ کی سہولت فراہم کرنے کے لیے 2 ہزار 601 پولنگ اسٹیشنز قائم کیے گئے ہیں۔
ترجمان الیکشن کمیشن کے مطابق خیبرپختونخوا کے 2 صوبائی حلقوں کے ضمنی انتخابات میں 14 لاکھ 71 ہزار ووٹرز 49 امیدواروں میں سے اپنے نمائندے منتخب کریں گے، جس کے لیے 892 پولنگ اسٹیشنز قائم کیے گئے ہیں جن میں سے 139حساس ہیں۔
سندھ میں این اے 196 میں 2 امیدوار میدان میں ہیں، یہاں 4 لاکھ 23 ہزار 781 ووٹرز حق رائے دہی استعمال کریں گے اور یہاں 303 پولنگ اسٹیشنز قائم کیے گئے ہیں جن میں سے 158 حساس ہیں۔
الیکشن کمیشن کے مطابق بلوچستان میں 2 صوبائی حلقوں 20 اور 22 میں ضمنی الیکشن ہوگا، ان دوںوں حلقوں میں مجموعی طور پر 3 لاکھ 96 ہزار246 ووٹرز اپنا حق رائے دہی استعمال کریں گے، جنہیں پولنگ کی سہولت فراہم کرتے ہوئے 354 پولنگ اسٹیشنز قائم کیے گئے ہیں۔
دوسری جانب ضمنی انتخابات 2024 کے موقع الیکشن کمیشن نے الیکشن مانیٹرنگ اینڈ کنٹرول سینٹر قائم کر دیا ہے، عوامی شکایات کے اندراج اور ان کے فوری حل کے لیے 4 سطحوں پر کنٹرول سینٹر قائم کئے ہیں، الیکشن کمیشن سیکرٹیریٹ اسلام آباد کے علاوہ صوبائی، ڈویژنل اور ضلعی سطح پر کنٹرول رومز قائم کیےگئے ہیں۔
ترجمان الیکشن کمیشن کے مطابق سینٹر میں عوام کو الیکشن کے حوالے سے رابطہ کرنے اور اپنی شکایات درج کرانے کی سہولت میسر ہوگی، شکایت کے بروقت اَزالہ کے لیے فوری طور پر کاروائی کی جائے گی، اِس مقصد کے لیے سینٹر میں تربیت یافتہ عملہ تعینات کردیا گیا ہے۔
’عوام شکایات کے اندراج کے لیے ای میل [email protected] پر رابطہ کر سکتے ہیں، مخصوص ہیلپ لائن 051111327000 پر بھی شکایت اندراج کیا جا سکتا ہے، فیکس نمبر0519204404 کے ذریعے بھی شکایات بھیجی جا سکتی ہیں۔‘