خان یونس میں اجتماعی قبر سے 50 فلسطینیوں کی لاشیں برآمد، رفح پر اسرائیلی حملے جاری

اتوار 21 اپریل 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

اسرائیلی فورسز کے علاقے سے انخلا کے دو ہفتے بعد غزہ میں ریسکیو اہلکاروں نے خان یونس کے ناصر میڈیکل کمپلیکس میں ایک اجتماعی قبر سے 50 فلسطینیوں کی لاشیں برآمد کی ہیں، دوسری جانب غزہ کے جنوبی شہر رفح پر اسرائیلی حملوں کی لہر میں شہید ہونے والے 8 فلسطینیوں میں ایک حاملہ خاتون اور 6 بچے بھی شامل ہیں۔

مقامی میڈیا کے مطابق ڈاکٹرز شہید خاتون کے متوقع بچےکو بچانے میں کامیاب ہو گئے ہیں، اسرائیلی فورسز نے مغربی کنارے کے شہروں نابلس، ہیبرون اور رملہ میں نور شمس پناہ گزین کیمپ میں تین روزہ آپریشن کے بعد دھاوا بول دیا جس میں 14 فلسطینی شہید ہوگئے ہیں۔

فلسطینی وزارت صحت نے بتایا ہے کہ اسرائیلی آباد کاروں نے نابلس کے جنوب میں تشدد میں زخمی ہونے والے فلسطینیوں تک پہنچنے کی کوشش کرنے والے ایمبولینس ڈرائیور کو بھی گولی مار کر شہید کر دیا ہے۔

امریکی ایوان نمائندگان نے غزہ پر اس کی جنگ اور ایران کے ساتھ کشیدگی کے درمیان اسرائیل کے لیے 26 بلین ڈالر کی فنڈنگ منظور کر لی ہے، تاہم اس پیکج کی سینیٹ سے منظوری باقی ہے، روس نے یوکرین، اسرائیل اور تائیوان کے لیے 95 بلین ڈالر کے امریکی اخراجات کے بل پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ اس سے دنیا بھر میں بحران مزید پیچیدہ ہوجائیں گے۔

نیتن یاہو کیخلاف ہزاروں اسرائیلیوں کا مظاہرہ

ہزاروں اسرائیلی آباد کاروں نے دارالحکومت تل ابیب میں وزیراعظم نیتن یاہو کے خلاف مظاہرہ کیا، اسرائیلی میڈیا کے مطابق مظاہرین نے وزیرِ اعظم نیتن یاہو کو ہٹانے، قیدیوں کے تبادلے کا معاہدہ اور قبل از وقت انتخابات کرانے کا مطالبہ کیا ہے۔

اسرائیلی میڈیا کے مطابق مظاہرین نے وزیرِ اعظم نیتن یاہو کے خلاف پوسٹرز بھی اٹھا رکھے تھے، مظاہرے میں خواتین، بچوں اور نوجوان افراد کی بھی بڑی تعداد شریک تھی، مظاہرے کے دوران پولیس کی بھاری نفری اطراف میں موجود رہی، واضح رہے کہ اس نوعیت کا مظاہرہ اس سے قبل بھی 2مرتبہ کیا جاچکا ہے۔

7 اکتوبر سے غزہ پر اسرائیلی حملوں میں کم از کم 34,049 فلسطینی شہید اور 76,901 زخمی ہو چکے ہیں۔ حماس کے 7 اکتوبر کے حملوں سے اسرائیل میں ہلاک شدگان کی تعداد 1,139 ہے، درجنوں اسرائیلی ابھی تک غزہ میں حماس نے یرغمالی بنائے ہوئے ہیں۔

 

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp