رفح میں اسرائیلی فوجی آپریشن کی حمایت نہیں کرسکتے، امریکا

ہفتہ 20 اپریل 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

امریکی وزیر خارجہ انتھونی بلنکن نے کہا ہے کہ امریکا غزہ کے علاقے رفح میں کسی بھی اسرائیلی فوجی آپریشن کی حمایت نہیں کر سکتا۔ انہوں نے خطے میں جاری موجودہ کشیدگی کو روکنے کی ضرورت پر زور دیا۔

خبر رساں ادارے ’العربیہ‘ سے گفتگو کرتے ہوئے انتھونی بلنکن نے یقین دلایا کہ امریکی انتظامیہ فلسطینی ریاست تک پہنچنے کے لیے پرعزم ہے لیکن یہ کام سفارت کاری کے ذریعے ہونا چاہیے۔ بلنکن نے غزہ کی پٹی کے جنوب میں واقع رفح میں ممکنہ اسرائیلی آپریشن کے لیے منظوری دینے سے انکار کا اظہار کرتے ہوئے ریاست فلسطین کی رکنیت کی درخواست کے خلاف واشنگٹن کی جانب سے ’ویٹو‘ کے استعمال پر بھی تبصرہ کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ ہمیں فی الحال صورت حال کو پرامن کرنےکی کوشش کرنی چاہیے۔

بلنکن نے اطالوی جزیرے کیپری میں ’جی سیون‘ کے اجلاس کے موقع پر بھی ایک پریس کانفرنس میں کہا تھا کہ ہم رفح میں جامع فوجی کارروائی کی حمایت نہیں کرسکتے اور اس حوالے سے اسرائیل کے ساتھ اعلیٰ سطح پر بات چیت جاری ہے۔ جبکہ ’جی سیون‘ غزہ میں فلسطینیوں کے لیے مزید امداد کا مطالبہ کرتا ہے۔

امریکی انتظامیہ نے حالیہ مہینوں میں ایک سے زیادہ مواقع پر اس بات کا اظہار کیا ہے کہ وہ بے گھر ہونے والوں کے لیے متبادل یا جگہ فراہم کیے بغیر رفح میں فوجی آپریشن شروع کرنے کی حمایت نہیں کرے گا۔ غزہ کی پٹی کے خلاف تباہ کن جنگ کے دوران اسرائیل نے فلسطینیوں کو شمال سے رفح کی طرف بھاگنے پر مجبور کیا اور آج وہ انسانی تباہی کے انتباہ کے باوجود حملے کی منصوبہ بندی کر رہا ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp