ضمنی انتخابات کے نتائج: پنجاب میں مسلم لیگ ن کو واضح برتری، متوالوں کا جشن

اتوار 21 اپریل 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

قومی اسمبلی کی 5 اور صوبائی اسمبلیوں کی 16 نشستوں پر ہونے والے ضمنی انتخابات کے نتائج آنے کا سلسلہ جاری ہے۔

اتوار کو ہونے والے ضمنی انتخابات کے موقع پر پولنگ کا عمل صبح 8 بجے شروع ہوا جو شام 5 بجے تک بلا تعطل جاری رہا۔

قومی اسمبلی کے نتائج

ضمنی انتخابات کے موقع پر قومی اسمبلی کی 5 نشستوں کے لیے پولنگ ہوئی۔ وزیراعظم شہباز شریف کی جانب سے خالی کی گئی نشست این اے 132 قصور سے ن لیگ کے امیدوار ملک رشید احمد کو واضح سبقت ہے جبکہ ان کے مد مقابل سنی اتحاد کونسل کے امیدوار سردار محمد حسین ڈوگر دوسرے نمبر پر موجود ہیں۔

اس کے علاوہ بلاول بھٹو کی چھوڑی گئی نشست این اے 196 قمبر شہداد کوٹ ایک سے پاکستان پیپلزپارٹی کے امیدوار خورشید احمد جونیجو 91 ہزار 581 ووٹ لے کر کامیاب ہوگئے ہیں جبکہ ان کے مدمقابل تحریک لبیک پاکستان کے امیدوار محمد علی کو شکست ہوئی۔

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے این اے 119 لاہور کی نشست خالی کی تھی، یہاں سے مسلم لیگ ن کے امیدوار علی پرویز نے 60 ہزار 918 ووٹ لے کر کامیابی حاصل کرلی ہے۔ جبکہ سنی اتحاد کونسل کے امیدوار شہزاد فاروق 34094 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر رہے۔

این اے 44 ڈیرہ اسماعیل خان میں وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے بھائی فیصل امین گنڈاپور کو واضح سبقت ہے، جبکہ پیپلزپارٹی کے امیدوار عبدالرشید کنڈی یہاں دوسرے نمبر پر ہیں۔

قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 8 سے آزاد امیدوار مبارک زیب 54 ہزار 198 ووٹ لے کر آگے ہیں، جبکہ سنی اتحاد کونسل کے امیدوار گل ٖظفر خان نے اب تک کے نتائج کے مطابق 32 ہزار 536 ووٹ لیے ہیں اور وہ دوسرے نمبر پر ہیں۔

پنجاب اسمبلی

آج پنجاب اسمبلی کی 12 نشستوں پر ضمنی انتخابات ہوئے۔ اب تک کے غیر حتمی اور غیرسرکاری نتائج کے مطابق چکوال پی پی 22 سے مسلم لیگ ن کے امیدوار نے کامیابی حاصل کرلی ہے۔

غیر حتمی اور غیر سرکاری نتائج کے مطابق مسلم لیگ ن کے امیدوار فلک شیر اعوان 39 ہزار 230 ووٹ لےکر کامیاب ہوگئے ہیں جبکہ سنی اتحاد کونسل کے امیدوار نثار احمد 32 ہزار 840 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر رہے۔

اس کے علاوہ پی پی 32 گجرات کا بھی غیر سرکاری نتیجہ سامنے آگیا ہے جس کے مطابق پاکستان مسلم لیگ ق کے امیدوار چوہدری موسیٰ الٰہی 63 ہزار 536 ووٹ لے کر کامیاب ہوگئے ہیں، جبکہ ان کے مد مقابل سنی اتحاد کونسل کے امیدوار چوہدری پرویز الٰہی کو 18 ہزار 327 ووٹ ملے۔

دیگر حلقوں کے اب تک کے غیر حتمی و غیر سرکاری نتائج کے مطابق پی پی 164 لاہور سے مسلم لیگ ن کے امیدوار محمد راشد منہاس 31 ہزار 499 ووٹ لے کر جیت گئے جبکہ سنی اتحاد کونسل کے امیدوار محمد یوسف میو کو 25 ہزار 781 ووٹ ملے اور وہ دوسرے نمبر پر رہے۔

اس کے علاوہ پی پی 36 سے مسلم لیگ ن کے امیدوار عدنان افضل واضح لیڈ کے ساتھ آگے جبکہ سنی اتحاد کونسل کے محمد فیاض چٹھہ یہاں دوسرے نمبر پر ہیں۔

پی پی 54 سے مسلم لیگ ن کے امیدوار احمد اقبال چوہدری 60 ہزار 351 ووٹ لے کر جیت گئے، جبکہ پی پی 93 سے بھی پاکستان مسلم لیگ ن کے امیدوار سعید اکبر خان نے 63021 ووٹ لے کامیابی سمیٹ لی ہے۔

پی پی 139 سے بھی پاکستان مسلم لیگ ن کے امیدوار رانا افضال حسین 46 ہزار 585 ووٹ لے کر جیت گئے ہیں۔

اس کے علاوہ پی پی 147 سے پاکستان مسلم لیگ ن کے امیدوار محمد ریاض ملک 12 ہزار 684 ووٹ لے کر آگے ہیں جبکہ آزاد امیدوار محمد خان مدنی 4 ہزار 595 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر ہیں۔

پی پی 149 سے استحکام پاکستان پارٹی کے امیدوار محمد شعیب صدیقی واضح لیڈ کے ساتھ آگے ہیں جبکہ سنی اتحاد کونسل کے امیدوار ذیشان رشید یہاں دوسرے نمبر پر مقابلہ کررہے ہیں۔

پی پی 158 میں پاکستان مسلم لیگ ن کے امیدوار چوہدری محمد نواز آگے ہیں جبکہ سنی اتحاد کونسل کے امیدوار چوہدری مونس الٰہی دوسرے نمبر پر ہیں۔

غیر سرکاری اور غیر حتمی نتائج کے مطابق پی پی 266 میں پاکستان پیپلزپارٹی کے امیدوار ممتاز علی آگے ہیں جبکہ پاکستان مسلم لیگ ن کے امیدوار محمد صفدر خان لغاری یہاں دوسرے نمبر پر مقابلہ کررہے ہیں۔

پنجاب اسمبلی کے حلقہ پی پی 290 میں پاکستان مسلم لیگ ن کے امیدوار علی احمد خان لغاری واضح لیڈ کے ساتھ آگے ہیں جبکہ آزاد امیدوار سردار محمد محی الدین دوسرے نمبر پر ہیں۔

بلوچستان اسمبلی کے نتائج

غیر سرکاری اور غیر حتمی نتائج کے مطابق بلوچستان اسمبلی کے حلقہ پی بی 20 میں بلوچستان نیشنل پارٹی کے امیدوار میر جہانزیب مینگل آگے ہیں جبکہ آزاد امیدوار میر شفیق الرحمان مینگل دوسرے نمبر پر ہیں۔

اس کے علاوہ پی بی 22 میں پاکستان مسلم لیگ ن کے امیدوار محمد زرین خان مگسی واضح لیڈ کے ساتھ آگے ہیں جبکہ آزاد امیدوار کا یہاں دوسرا نمبر ہے۔

خیبرپختونخوا اسمبلی

خیبرپختونخوا اسمبلی کے حلقہ پی کے 22 میں آزاد امیدوار مبارک زیب آگے ہیں جبکہ جماعت اسلامی کے امیدوار عابد خان دوسرے نمبر پر ہیں۔

پی کے 91 میں سنی اتحاد کونسل کے امیدوار داؤد شاہ کامیاب ہوگئے ہیں جبکہ ان کے مدمقابل آزاد امیدوار امتیاز شاہد دوسرے نمبر پر رہے۔

ضمنی انتخابات کے موقع پر لڑائی جھگڑوں کے واقعات

ضمنی انتخابات کے موقع پر پولنگ کے دوران پنجاب کے مختلف علاقوں میں لڑائی جھگڑوں کے واقعات بھی ہوئے اور اسی دوران نارووال میں مسلم لیگ ن کا کارکن قتل ہوگیا۔

قومی اسمبلی کے جن حلقوں میں ضمنی انتخابات ہوئے ان میں پنجاب اور خیبرپختونخوا کے 2،2 اور سندھ کا ایک حلقہ شامل ہے۔

اس کے علاوہ صوبائی اسمبلیوں کے انتخابات میں پنجاب کی 12، بلوچستان اور خیبرپختونخوا اسمبلی کی 2،2 نشستوں پر انتخاب ہوا۔

پولنگ کے موقع پر سیکیورٹی کے فول پروف انتظامات

وفاقی حکومت نے انتخابات کے موقع پر فوج اور سول آرمڈ فورسز تعینات کرنے کی منظوری دی تھی تاکہ امن و امان کی صورتحال کنٹرول رہے۔

دوسری جانب وزارت داخلہ کی سفارش پر پنجاب اور بلوچستان کے کچھ علاقوں میں موبائل فون اور انٹرنیٹ سروس بھی معطل رہی۔

پی ٹی اے نے اپنے ایک اعلامیے میں بتایا تھا کہ انتخابی عمل کو شفاف انداز میں پایہ تکمیل تک پہنچانے کے لیے یہ اقدام اٹھایا گیا ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp