اسرائیلی دفتر خارجہ میں 6 ممالک کے سفیروں  کی طلبی، تازہ کارروائیوں میں 22 فلسطینی شہید

اتوار 21 اپریل 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

اسرائیل نے اقوام متحدہ میں آزاد فلسطینی ریاست کے قیام کے حوالے سے قرار داد کی حمایت کرنے والے 6 ممالک کے سفیروں  کو دفتر خارجہ طلب کر کے شدید احتجاج کیا ہے، دوسری جانب اسرائیلی افواج نے تازہ کارروائی میں مزید 17 بچوں سمیت 22 افراد کو شہید کر دیا ہے۔

اسرائیل کی وزارت خارجہ کے ترجمان اورن مارمورسٹائن نے کہا کہ اتوار کو اسرائیل نے اقوام متحدہ میں آزاد فلسطینی ریاست کو تسلیم کرنے کی قرارداد کے حق میں ووٹ دینے والے 6 ممالک کے سفیروں کو طلب کر کے شدید احتجاج کیا ہے۔

واضح رہے کہ جاپان، فرانس، جنوبی کوریا، مالٹا، سلووینیا اور ایکواڈور نے جمعرات کو اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں اس قرارداد کی حمایت کی تھی، جس میں فلسطین کو ایک آزاد ریاست کے طور پر تسلیم کیا جانا تھا تاہم امریکا نے اس قرارداد کو ویٹو کر دیا تھا۔

اسرائیل کی وزارت خارجہ کے ترجمان اورن مارمورسٹائن نے کہا ہے کہ آزاد فلسطینی ریاست کے قیام کی حمایت کرنے والے ان ممالک کے سفیروں کو آج ’ سخت احتجاج ‘ کا سامنا کرنا پڑا ہے۔

انہوں نے کہا کہ سفیروں کو جو واضح پیغام دیا جائے گا وہ یہ ہے کہ آیا قرارداد کی حمایت فلسطینیوں کے لیے کیا ایک سیاسی اشارہ ہے کہ 7 اکتوبر کے حملوں کے 6 ماہ بعد فلسطینی ریاست کو تسلیم کرنے کا مطالبہ ان کے لیے انعام ہے۔ ترجمان نے کہا کہ اسرائیل ایک ایسی ریاست کے قیام پر قطعاً راضی نہیں ہوگا جو اس کے شہریوں کے لیے خطرہ بنی ہوئی ہو۔

انہوں نے کہا کہ اس اقدام کی حمایت کرنے والے دیگر ممالک کے ساتھ بھی اسی طرح کا احتجاج کیا جائے گا۔ برطانیہ اور سوئٹزرلینڈ نے 15 رکنی کونسل میں ووٹنگ میں حصہ نہیں لیا جبکہ روس، چین، الجیریا، سیرالیون، موزمبیق اور گیانا نے بھی اس قرارداد کی حمایت کی ہے۔

 رفع پر اسرائیلی حملوں میں فلسطینیوں کی شہادتوں میں اضافہ

ادھر فلسطینی محکمہ صحت کے حکام کا کہنا ہے کہ غزہ کے جنوبی شہر رفح پر اسرائیلی حملوں میں شہید ہونے والوں کی تعداد 22 ہو گئی ہے۔

اسپتال کے ریکارڈ کے مطابق ان حملوں میں ایک ہی خاندان کے 17 بچے اور 2 خواتین شہید ہوئی ہیں۔ اس سے پہلے کہا گیا تھا کہ اسرائیلی فوج کی بمباری سے ایک ہی خاندان کے 13 بچے شہید ہوئے ہیں۔

خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس کے مطابق امدادی کارکن اب بھی ملبے سے لاشیں تلاش کر رہے ہیں۔ ادھر کویتی اسپتال کے مطابق ایک اور حملے میں ایک شادی شدہ جوڑا اور ان کا 3 سالہ بچہ شہید ہو گیا، جب کہ خاتون حاملہ تھی اور ڈاکٹر بچے کو بچانے میں کامیاب رہے۔

 مغربی کنارے میں اسرائیلی حملے کے بعد

اتوار کو لی گئی نئی تصاویر مقبوضہ مغربی کنارے کے علاقے نور شمس میں اسرائیلی حملے کے بعد کے واقعات کو ظاہر کرتی ہیں۔

حکام کا کہنا ہے کہ ہم نے پہلے اطلاع دی تھی کہ فلسطینی حکام کا کہنا ہے کہ جمعہ کو شروع ہونے والے اس حملے میں کم از کم 14 افراد شہید ہوئے ہیں جب کہ اسرائیلی فوج دعویٰ کر رہی ہے کہ چھاپے کے دوران متعدد مجاہدین کو شہید یا گرفتار کر لیا ہے جبکہ فائرنگ کے تبادلے میں کم از کم 4 اسرائیلی فوجی زخمی ہوئے ہیں۔

القدس بریگیڈ نے مغربی کنارے میں اسرائیلی فوجی چوکی پر حملے کی ذمہ داری قبول کرلی

ادھر فلسطینی اسلامی جہاد کے مسلح ونگ نے اپنے ٹیلی گرام چینل پر کہا ہے کہ اس کے مجاہدین نے ’ الجلمہ چیک پوسٹ‘ پر شدید فائرنگ سے حملہ کیا۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ یہ حملہ نور شمس کیمپ میں قابضین کے جرائم کے جواب میں کیا گیا اور اس کے جنگجو بحفاظت اپنے اڈوں پر واپس آ گئے۔

 7 اکتوبر سے اب تک 34,097 فلسطینی شہید ہو چکے

ادھر غزہ کی حماس کے زیر انتظام وزارت صحت کے مطابق 7 اکتوبر سے اب تک اسرائیل کے ہاتھوں کم از کم 34,097 فلسطینی شہید ہو چکے ہیں۔ وزارت نے یہ بھی بتایا کہ اس دوران 76,980 دیگر افراد زخمی ہوئے ہیں۔

گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 48 فلسطینی شہید اور 79 زخمی ہوئے ہیں۔ وزارت نے اپنی رپورٹوں میں عام شہریوں اور جنگجوؤں کے درمیان فرق نہیں کیا ہے لیکن ان کا کہنا ہے کہ شہید ہونے والوں میں زیادہ تر خواتین اور بچے ہیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp