تیسرا ٹی۔20: نیوزی لینڈ نے بدلہ لے لیا، پاکستان کو 7 وکٹوں سے شکست

اتوار 21 اپریل 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان 5 میچوں کی ٹی۔ 20 سیریز کے تیسرے میچ میں نیوزی لینڈ نے پاکستان کو 7 وکٹوں سے شکست دے کر سریز برابر کر دی، مارک چیپمین کے 87 نا قابل شکست رنزوں کی بدولت کیویز بلے بازوں نے پاکستان کے 179 رنز کا ہدف 19 ویں اوورز میں 3 وکٹوں کے نقصان پر بآسانی پورا کر لیا۔

پاکستان کے 179 رنز کے ہدف کے تعاقب میں نیوزی لینڈ کے بلے بازوں نے اننگز کا آغاز کیا تو اس کی پہلی وکٹ42  کے مجموعی اسکور پر گری جب ٹم سیفرٹ کو21 رنز پر  عباس آفریدی نے کلین بولڈ کر دیا۔ دوسری وکٹ 53 کے مجموعی اسکور پر گری جب ٹم رابنسن کو 28 رنز پر نسیم شاہ نے کلین بولڈ کر دیا۔ تیسری وکٹ 170 کے مجموعی اسکور پر گری جب ڈین فاکس کرافٹ 31 رنز عباس آفریدی نے اپنی ہی گیند پر کیچ لے کر پویلین بھیج دیا۔

نیوزی لینڈ کی جیت میں سب سے نمایاں کردار مارک چیپمین نے ادا کیا، مارک چیپمین نے نا قابلِ شکست 87 رنز اسکور کیے، ان کی اننگز میں 4 چھکے اور 9 چوکے شامل تھے، انہوں نے جارحانہ اننگز کااندازہ اس بات سے بھی لگایا جا سکتا ہے کہ انہوں نے 87 رنز محض 42 گیندوں پر مکمل کیے اور مین آف دی میچ کا ایوارڈ حاصل کیا۔

ان کا ساتھ دینے والے نیوزی لینڈ کے کریز پر آخری بلے باز جیمز نیشام تھے، انہوں نے 6 رنز اسکور کیے اور آؤٹ نہیں ہوئے۔

پاکستان کی جانب سے عباس آفریدی نے 2 جب کہ ایک وکٹ نسیم شاہ نے حاصل کی۔

اس سے قبل پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان 5 میچوں کی ٹی۔ 20 سیریز کے تیسرے میچ میں پاکستان نے نیوزی لینڈ کی ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کی دعوت پر مقررہ 20 اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 178 رنز اسکور کیے۔

پاکستان کی جانب سے اوپنر بلے باز صائم ایوب اور کپتان بابر اعظم نے اننگز کا آغاز کیا تو پاکستان کی پہلی وکٹ 55  کے مجموعی اسکور پر گری جب صائم ایوب32 رنز بنانے کے بعد ایش سودھی کی گیند پر جیمز نیشام کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہو گئے۔

پاکستان کی دوسری وکٹ84 کے مجموعی اسکور پر گری جب کپتان بابراعظم 37 رنز بنانے کے بعد مائیکل بریسول کی گیند پر جیکب ڈوفی کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہو گئے۔

103 رنز کے مجموعی اسکور پر وکٹ کیپر اور تیسرے نمبر پر کھیلنے والے بلے باز محمد رضوان ریٹائرڈ ہرٹ ہو کر واپس پویلین لوٹ گئے ، انہوں نے 23 رنز اسکور کیے، پاکستان کی تیسری وکٹ 104 کے مجموعی اسکور پر گری جب عثمان خان ایش سودھی کی گیند پر جیکب ڈوفی کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہو گئے، چوتھی وکٹ 166 کے مجموعی اسکور پر گری جب شاداب خان 41 رنز بنانے کے بعد جیکب ڈوفی کی گیند پر چیپمین کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہو گئے، وہ پاکستان کی جانب سے ٹاپ اسکورر بھی رہے۔

عرفان خان نے 30 رنز اسکور کیے اور آؤٹ نہیں ہوئے، اس طرح پاکستان نے نیوزی لینڈ کو جیت کے لیے 179 رنز کا ہدف دیا۔

نیوزی لینڈ کی طرف سے ایش سودھی نے 2  جب کہ جیکب ڈوفی اور مائیکل بریسول نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

پنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں ٹاس ہارنے کے بعد پاکستانی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے کہا ہے کہ آج پچ مشکل دکھائی دے رہی، تاہم زبردست مقابلے اور جیت کے لیے پر اُمید ہیں۔

پاکستان کی کرکٹ ٹیم میں اتوار کے میچ میں ایک تبدیلی کی گئی ہے، محمد عامر کی جگہ عباس آفریدی کو پلیئنگ الیون کا حصہ بنایا گیا ہے۔

واضح رہے کہ پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان سیریز کا پہلا میچ شدید بارش کے باعث منسوخ کر دیا گیا تھا جب کہ دوسرے میچ میں پاکستان نے مہمان ٹیم کو 7 وکٹوں سے شکست دی تھی ۔

5 میچوں کی سیربز کے 3 میچ راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں ہونے ہیں جہاں آج آخری میچ کھیلا جا رہا ہے جب کہ دیگر 2 میچز لاہور قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے جائیں گے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp