اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے اراکین اسمبلی قومی اسمبلی پر مشتمل وفد کے ہمراہ ایران کے صدر ڈاکٹر سید ابراہیم رئیسی سے ملاقات کی ہے۔
ملاقات میں پارلیمانی روابط سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
اس موقع پر اسپیکر سردار ایاز صادق نے کہاکہ ایرانی صدر کا وفد کے ہمراہ پاکستان کا دورہِ خوش آئند ہے۔ پارلیمنٹ اور عوام کی طرف سے ایرانی صدر کو پاکستان میں خوش آمدید کہتا ہوں۔
مزید پڑھیں
انہوں نے کہاکہ ایرانی صدر کے دورے سے خطے اور دونوں ممالک کے تعلقات پر دوررس نتائج مرتب ہوں گے۔
پاکستان سے اپنے دیرینہ تعلقات کو بڑی اہمیت دیتے ہیں، ایرانی صدر
اس موقع پر ایرانی صدر ابراہیم رئیسی نے کہاکہ ایران پاکستان سے اپنے دیرینہ برادرانہ تعلقات کو بڑی اہمیت دیتا ہے۔ دونوں ہمسایہ ممالک میں تاریخی برادرانہ تعلقات پائے جاتے ہیں۔
انہوں نے کہاکہ دونوں ممالک کے درمیان قریبی روابط سے خطے میں ترقی اور خوشحالی کے نئے دور کا آغاز ہوگا۔
پاک ایران پارلیمانی فرینڈشپ گروپ اہم کردار ادا کرسکتا ہے، ایاز صادق
اس موقع پر اسپیکر نے کہاکہ پارلیمان میں موجود تمام سیاسی جماعتیں ایران کے ساتھ اپنے تعلقات کو انتہائی قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہیں۔
انہوں نے کہاکہ پاک ایران پارلیمانی فرینڈشپ گروپ دونوں ممالک کے پارلیمان میں تعاون کو مزید فروغ دینے میں اہم کردار ادا کرسکتا ہے۔
ایرانی صدر نے مزید کہاکہ پاکستان کے دورے سے دلی خوشی ہوئی۔ پاکستان کی طرف سے ایرانی وفد کے پرتپاک استقبال پر شکر گزار ہوں۔