پاک ایران سرحد ’امن و دوستی کی سرحد‘ ہے: آرمی چیف کی ایرانی صدر سے گفتگو

پیر 22 اپریل 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

چیف آف آرمی اسٹاف جنرل سیّد عاصم منیر سے ایران کے صدر سید ابراہیم رئیسی نے ملاقات کی ہے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق ایرانی صدر اور آرمی چیف کے درمیان باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

آئی ایس پی آر نے بتایا کہ دونوں فریقوں نے علاقائی استحکام اور اقتصادی خوشحالی کے لیے مشترکہ کوششوں اور دوطرفہ تعاون کو فروغ دینے  پر اتفاق کیا۔

اس موقع پر آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے کہاکہ پاک ایران سرحد پر باہمی رابطے مضبوط تر کرنے کی ضرورت ہے، کیونکہ دہشتگرد پاک ایران تعلقات کو نقصان پہنچانا چاہتے ہیں۔

آرمی چیف نے پاک ایران سرحد کو ’امن اور دوستی کی سرحد‘ قرار دیتے ہوئے مزید کہاکہ دونوں ملکوں میں بہتر روابط سے دہشتگرد اپنے مقصد میں کامیاب نہیں ہوں گے۔

صدر ابراہیم رئیسی نے اس بات پر زور دیا کہ دونوں مسلح افواج کے درمیان تعاون کو فروغ دے کر پاکستان اور ایران دونوں اپنی اقوام اور خطے کے لیے امن و استحکام حاصل کرسکتے ہیں۔

واضح رہے کہ ایرانی صدر سید ابراہیم رئیسی آج وفد کے ساتھ پاکستان کے دورہ پر پہنچے ہیں، اس سے قبل آج انہوں نے صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم پاکستان شہباز شریف سے ملاقاتیں کیں۔ اس موقع پر مختلف معاہدوں سمیت 8 یادداشتوں پر بھی دستخط کیے گئے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp