گالی دینے اور ملک کو برا بھلا کہنے پر بھارتی کھلاڑی کو تھپڑ مارا، پاکستانی فائٹر شاہزیب رند

منگل 23 اپریل 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

روایتی حریف بھارت کو شکست دیکر دبئی کراٹے کمبیٹ مقابلوں میں کامیابی حاصل کرنے والے قومی فائٹر شاہزیب رند کوئٹہ پہنچ گئے ہیں۔

دبئی میں ہونے والے کراٹے کومبیٹ مقابلوں میں روایتی حریف بھارت کو ہرانے والے قومی فائٹر شاہزیب رند کوئٹہ پہنچے تو ڈی جی اسپورٹس آصف لانگو نے ان کا استقبال کیا۔

اس موقع پر میڈیا سے گفتگو میں قومی فائٹر نے کہا کہ کراٹے کمبیٹ دنیا کا ایک بڑا ایونٹ ہے جو دبئی میں ہوا۔’ میں اس ایونٹ میں پاکستانی ٹیم کا کپتان تھا، بھارتی کھلاڑی کو شکست دینا باعث فخر ہے۔‘

انہوں نے کہاکہ بھارتی کھلاڑی نے پریس کانفرنس کے دوران مجھے گالی دی پھر ملک کے بارے میں برا بھلا کہا جس پر میں نے اس کو تھپڑ رسید کیا۔

شاہزیب رند نے کہا کہ بھارتی کھلاڑی اپنے ملک کا سپر اسٹار ہے، بھارتی کھلاڑی کو بھارتی عوام کی جانب سے بھرپور اسپورٹ کیا گیا، ہمارے کھلاڑی کو یہاں اسپورٹ نہیں کیا جاتا، بدقسمتی ہے ہماری حکومت کھلاڑیوں کو اسپورٹ نہیں کرتی۔

انہوں نے کہا ’میچ جیتنے کے بعد بھارتی فلم اسٹار سلمان خان نے میری کامیابی پر مجھے سراہا، بڑے ایونٹ میں پاکستانی ٹیم کو قیادت کرنا میرے لیے باعث فخر ہے، اگر اپنے اوپر اعتماد ہو تو ہر کامیابی حاصل کی جا سکتی ہے۔

واضح رہے کہ دبئی میں ہونے والے کراٹے کومبیٹ مقابلوں میں پاکستانی فائٹرز کے مقابلے میں بھارتی فائٹرز بے بسی کی تصویر بنے رہے، پہلے مقابلے میں پاکستان کے رضوان علی نے بھارت کے پوون گپتا کو شکست سے دوچار کیا، رضوان علی نے پوون گپتا کو مقابلے کے آغاز میں ہی ناک آؤٹ کردیا۔

دوسرے مقابلے میں بھارت کے ہمانسو کوشک نے پاکستان کے فیضان خان کو مات دی، فیضان خان علومی کریم کی جگہ ہمانسو کوشک سے مقابلے کے لیے اترے تھے، علومی کریم وزن برابر نہ ہونے کی وجہ سے فائٹ میں شرکت سے محروم رہے۔ فیضان نے بھارتی حریف سے مقابلہ تو خوب کیا لیکن وہ اس کو زیر کرنے میں ناکام رہے اور یوں مقابلہ ایک ایک سے برابر ہوگیا۔

تیسرے اور فیصلہ کن میچ میں پاکستان کے فائٹر شاہزیب نے بھارت کے رانا سنگھ کو پچھاڑ دیا، شاہزیب نے فائٹ کے آغاز میں ہی رانا سنگھ پر پے درپے وار کیے اور انہیں اتنا بے بس کردیا کہ وہ ایک کونے میں دبک گئے اور کافی دیر اٹھ نہ سکے۔ بھارتی فائٹر شاہ زیب کے خلاف ٹیکنیکل ناک آؤٹ قرار پائے، پاکستان نے معرکہ 1-2 سے جیت لیا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp