عمران خان ہٹ دھرمی پر قائم رہے تو سیاست کو نقصان پہنچ سکتا ہے، رانا ثنااللہ

منگل 23 اپریل 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان مسلم لیگ ن کے سینیئر رہنما و سابق وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنااللہ نے کہا ہے کہ اگر عمران خان کسی سے بات نہ کرنے کی ہٹ دھرمی پر قائم رہے تو ان کی سیاست کو نقصان پہنچ سکتا ہے۔

نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے رانا ثنااللہ نے کہاکہ موجودہ حالات سے نکلنے کا واحد ریاست مذاکرات ہیں لیکن عمران خان کسی کے ساتھ بات کرنے کے لیے تیار نہیں ہیں۔

انہوں نے کہاکہ نواز شریف چاہتے ہیں سارے سیاستدان ایک ساتھ بیٹھیں لیکن ضروری ہے کہ عمران خان بھی غیر مشروط طور پر بات چیت کے لیے آمادہ ہوں۔

رانا ثنااللہ نے کہاکہ انتخابات سے لے کر 9 مئی تک ہر معاملے پر بات ہوسکتی ہے، لیکن سیاستدانوں کی آپس میں گفتگو نہ ہونے سے مزید مسائل پیدا ہوسکتے ہیں۔

انہوں نے کہاکہ اگر جنرل باجوہ قسم اٹھارہے ہیں تو قوم کے سامنے آکر بات کرنی چاہیے اور لوگوں کو سوال کرنے کا بھی موقع دینا چاہیے۔

رانا ثنااللہ نے کہاکہ اسٹیبلشمنٹ نے نیوٹرل رہنے کا فیصلہ کرلیا ہے اور وہ ملک کی بہتری کے لیے حکومت کے ساتھ تعاون کررہی ہے۔

انہوں نے کہاکہ عمران خان کے دور حکومت میں شہباز شریف نے میثاق معیشت کی پیشکش کی تھی مگر بانی پی ٹی آئی نے کہاکہ میں آپ کو چھوڑوں گا نہیں۔

سابق وزیر داخلہ نے مزید کہاکہ 9 مئی کے واقعات میں پی ٹی آئی کی قیادت ملوث تھی، ملزمان کو اب تک سزائیں ہو جانی چاہیے تھیں لیکن لیگل ٹیم اس میں ناکام رہی۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp