ویژن 2030: مدینہ منورہ میں پروقار عمرہ فورم کا انعقاد

منگل 23 اپریل 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

ویژن 2030 کے تحت سعودی عرب تقریباً ہر فیلڈ میں تمکنت کے ساتھ آگے بڑھ رہا ہے، اس ویژن میں حج وعمرہ کو خاص مقام دیا گیا ہے کہ اقوام عالم کے سامنے ہر وہ سروس رکھی جائے جس سے مہمانان حرمین شريفين مستفید ہوسکیں۔

اسی سلسلے کی ایک کڑی ہے کہ آج کل مدینہ منورہ میں عمرہ فورم کا انعقاد ہورہا ہے، جس کا افتتاح مدینہ منورہ کے امیر شہزادہ سلمان بن سلطان بن عبد العزیز آل سعود نے گزشتہ کل بروز سوموار 22 اپریل 2024 کو کیا۔ اس تقریب میں وزیر حج وعمرہ ڈاکٹر توفیق الربیعہ اور وزارت حج وعمرہ کے دیگر حکام وناظم کمپنیاں بھی شریک ہوئیں۔

عمرہ فورم کا مقصد کیا ہے؟

فورم کا مقصد عمرہ و زیارت کے سیکٹر کے تجربہ کو بہتر بنانا ہے، اس فورم میں گفتگو کے سیشن، مختلف حج وعمرہ کمپنیوں کی نمائشیں اور ورکشاپس شامل ہیں۔ سیاحت، ٹیکنالوجی اور ضیافت سے متعلق کمپنیاں بھی اس میں شریک ہیں۔

یہ فورم معتمرین و زائرین کے تجربات کو بڑھانے اور سیاحوں کی خدمات میں بہتری کی اہمیت کو اجاگر کرنے، ان کے تجربات کو آسان اور ان میں ٹیکنالوجی کے استعمال کو ممکن بنانے کے لیے منعقد کیا گیا ہے۔

عمرہ فورم میں مختلف شعبوں کی کمپنیوں کی شرکت

اس فورم میں اس بات کا بھی اہتمام کیا گیا ہے کہ مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ ریجن میں واقع تاریخی آثار کو اجاگر کیا جائے، اسی طرح فورم کے زائرین کےلیے اس بات کا بھی اہتمام کیا گیا ہے کہ انہیں مدینہ منورہ میں واقع کچھ تاریخی آثار کی زیارت کروائی جائے۔ مختلف کمپنیوں کے بوتھ لگائے گئے ہیں جس سے ہر کمپنی کے تجربات، نیز آپس میں شراکت داری کے مواقع پیدا کیے گئےہیں۔

سعودی عرب میں مقیم حج وعمرہ کے کاروبار سے منسلک محمد اسد کا کہنا تھا کہ اس طرح کےفورم کاروباری نقطہ نظر سے انتہائی خوش آئند ہیں، یہاں آکر انسان کا کاروباری ادراک بڑھتا ہے، نیز مختلف شعبوں کی کمپنیاں آپس میں روابط قائم کرتی ہیں اور ایک دوسرے کے لیے آسانیاں پیدا کرنے کےساتھ ساتھ کاروبار بھی بڑھاتی ہیں، جن کا بالآخر فائدہ اینڈ یوزر کے حج و عمرہ اور زیارت کے تجربہ کو آسانی کی صورت میں ملتا ہے۔

اس فورم میں ایک اور شریک احمد اسحاق نے وی نیوز سے بات کرتے ہوئے واضح کیاکہ سعودی عرب اس طرح کے فورم ہر شعبے میں منعقد کر رہا ہے، جس کا فائدہ جہاں عالمی اور مقامی کمپنیاں اٹھاتی ہیں وہیں سعودی معاشرے کو ترقی دیتی ہیں، حج وعمرہ میں نت نئے تجربات اسی بنا پر شامل کیے جا رہے ہیں کہ ہر روز ٹیکنالوجی کا شعبہ ترقی کررہا ہے، حکومتیں اور نجی کمپنیاں آرٹیفیشل انٹیلیجنس کو سروسز میں شامل کرکے اینڈ یوزر کو زیادہ سے زیادہ آسان سفر اور معلومات فراہم کرنے میں سبقت لے رہی ہیں۔

عمرہ فورم میں دیکھا گیا کہ حج وعمرہ کے کاروبار سے منسلک جہاں پاک وہند سے لوگ شریک ہوئے وہیں عراق و شام و دیگر عرب و اسلامی ممالک سے لوگ بکثرت شامل ہورہے ہیں، یہ فورم 22 اپریل کو شروع ہوا اور 24 اپریل کو اختتام پذیر ہوگا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp