اکیسویں صدی کو جدت اور ٹیکنالوجی کا دور کہا جاتا ہے۔ ہر گزرتے دن کے ساتھ سائنس ترقی کرتی جارہی ہے اور انسانی زندگی کو آسان بنانے کے لیے نت نئی اشیا متعارف ہورہی ہیں۔ الیکٹرانکس کی مانگ بڑھتے ہی ان کی قیمتیں بھی آسمان سے باتیں کرنے لگی ہیں تاہم ایک مارکیٹ ایسی بھی ہے جہاں آئی فون اور لیپ ٹاپ سمیت دیگر الیکٹرانکس کی اشیا آدھی قیمت میں میسر ہیں۔
بلوچستان کے صوبائی دارالحکومت کوئٹہ کے علاقے مسجد روڈ پر واقع روسی مارکیٹ واحد ایسی مارکیٹ ہے جہاں ہر اقسام کی الیکٹرانکس اشیا بآسانی آدھی قیمت میں میسر ہیں۔
مزید پڑھیں
یہاں سیل سے لے کر ہر چیز دستیاب ہے، دکاندار یاسین احمد
وی نیوز سے بات کرتے ہوئے روسی مارکیٹ میں موجود دکاندار یاسین احمد نے بتایا کہ روسی مارکیٹ کو الیکٹرانکس اشیا کا گڑھ کہا جاتا ہے یہاں سیل سے لے کر موبائل، ایل ای ڈی اور لیپ ٹاپ تک دستیاب ہیں۔ ’نہ صرف کوئٹہ بلکہ دیگر شہروں سے آنے والے لوگ بھی اس مارکیٹ سے اپنے کام کی الیکٹرانکس اشیا خرید کر لے جاتے ہیں‘۔
یاسین احمد نے کہاکہ جاپان، چائنہ، تائیوان، انڈونیشیا، ملائیشیا، دبئی، جرمنی، امریکا سمیت ہر ملک کی الیکٹرانکس اشیا افغانستان کے راستے پاکستان اور مختلف راستوں سے ہوتی ہوئی کوئٹہ کی روسی گلی میں لائی جاتی ہیں۔ پھر اس مارکیٹ سے یہ ملک کے دوسرے شہروں تک بھیجی جاتی ہیں۔ ’دراصل روسی گلی کو الیکٹرانکس مارکیٹ کی ہول سیل مارکیٹ کہا جائے تو کوئی مبالغہ نہ ہوگا‘۔
یاسین احمد کے مطابق یہاں استعمال شدہ اور پن پیک دونوں الیکٹرانکس اشیا میسر ہیں۔ جو شو روم سے آدھی قیمت پر ملتی ہیں۔
یہاں ضرورت کی تمام اشیا کم قیمت پر مل جاتی ہیں، خریدار مسعود احمد
روسی مارکیٹ میں شاپنگ کرنے والے مسعود احمد نے بتایا کہ روسی مارکیٹ بہت پرانی ہے، یہاں ضرورت کی تمام الیکٹرانکس اشیا بآسانی کم قیمت پر ملتی ہیں۔
انہوں نے کہاکہ کچھ عرصہ قبل میں نے یہاں سے آئی فون خریدا جو مارکیٹ کی نسبت مجھے آدھی قیمت پر ملا۔ ’ہم جیسے طالب علم اکثر یہاں آکر اپنی ضرورت کی اشیا کی خریداری کرتے ہیں جو جیب پر بھی بھاری نہیں پڑتا‘۔