وزیراعظم شہباز شریف اہم ترین ایک روزہ دورے پر کراچی پہنچ گئے، منصب سنبھلانے کے بعد وزیر اعظم کا یہ پہلا دورہ کراچی ہے۔ سب سے پہلے وزیر اعظم نے اپنے وفد کے ہمراہ مزار قائد پر حاضری دی، پھول رکھے اور فاتحہ خوانی کی۔ اس دوران وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ اور گورنر سندھ کامران ٹیسوری بھی ان کے ہمراہ تھے۔
وزیر اعظم شہباز شریف اور وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کی ملاقات ہوئی، وزیر اعظم نے وزیر اعلیٰ سندھ کو تمام مسائل مل بیٹھ کر حل کرنے کی یقین دہانی کرائی۔ وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے وفاقی حکومت کے درمیان ترقیاتی کاموں اور دیگر مسائل پر گفتگو کی، وزیر اعلیٰ سندھ نے وفاق کی جانب سے ڈائریکٹ کٹوتیوں کے بعد فنڈز کی واپسی نہ ہونے پر بھی گفتگو کی۔
مزید پڑھیں
وزیر اعظم شیڈول کے مطابق دورہ کراچی کے دوران گورنر سندھ کامران ٹیسوری سے بھی ملاقات کریں گے، ملاقات میں دیگر ایم کیو ایم کے رہنماؤں کی بھی شرکت متوقع ہے۔ وزیر اعظم ن لیگ سندھ کے رہنماؤں سے بھی ملاقات کریں گے۔
کراچی کے دورے کے دوران وزیر اعظم شہباز شریف کی مختلف سیاسی شخصیات اور دیگر سے ملاقاتوں میں صوبے کے سیاسی و امن و امان سے متعلق امور زیر بحث آئیں گے۔ جس میں مجموعی سیاسی معاملات، اقتصادی صورتحال اور دیگر امور پر بات چیت ہوگی۔
وزیراعظم شہباز شریف چیمبر آف کامرس کراچی کے عہدیداروں اور بزنس کمیونٹی سے ملاقات کریں گے، اور دورہ کے دوران شہباز شریف کو کراچی کی مجموعی صورتحال اور جاری پراجیکٹس پر بریفنگ بھی دی جائے گی۔
شہبازشریف تاجروں، صنعت کاروں اور کاروباری شخصیات کو حکومت کی معیشت میں بہتری کے حوالے سے کی جانے والی کوششوں سے آگاہ کریں گے اور معاشی استحکام کے حوالے سے حکومتی پالیسیوں اور فیصلوں پر بزنس کمیونٹی کو اعتماد میں لیں گے۔