معاشی استحکام کے لیے صوبوں اور وفاق کو قریبی تعلق بنانا پڑے گا، شہباز شریف

بدھ 24 اپریل 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان کا سب سے بڑا مسئلہ معاشی استحکام ہے، معاشی استحکام کے لیے صوبوں اور وفاق کو قریبی تعلق بنانا پڑے گا۔ سندھ اور پنجاب کی ترقی پاکستان کی ترقی ہے، عوامی مسائل کے حل کے لیے کوششیں کریں گے۔

وزیر اعظم شہباز شریف نے دورہ کراچی کے موقع پر سندھ کابینہ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عوام کی ترقی کے لیے کچھ ناپسندیدہ فیصلے کرنا ہوں گے، عوامی مسائل کے حل کے لیے بھرپور کوشش کریں گے۔ صوبوں کو ساتھ لے کر چلیں گے تو ہی پاکستان ترقی کرے گا۔

وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ 8 فروری کو انتخابات ہوئے، ہمیں عوامی مینڈیٹ کا احترام کرنا چاہیے، ہمیں مل کر پاکستان کے مسائل حل کرنا ہوں گے، پاکستان میں اس وقت سب سے بڑا مسئلہ مہنگائی کا ہے، مہنگائی سے چھٹکارا حاصل کرنے کے لیے ہمیں مل کر کام کرنا ہوگا۔

وزیر اعظم نے کہا کہ سندھ اور پنجاب اور دیگر صوبوں کی ترقی پاکستان کی ترقی ہے، پاکستان کی بہتری کے لیے ہمیں سخت فیصلے کرنا پڑیں گے، پاکستان میں سرمایہ کاری کے حوالے سے باہر سے ممالک آئیں گے، پاکستان کی ترقی کے لیے دن رات ہمیں ایک کرنا ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ ہم سب نے مل کر ملک کی خوشحالی کے لیے کام کرنا ہے، آج میں کراچی حاضر ہوا ہوں، گرمجوشی سے استقبال کرنے پر مراد علی شاہ کا مشکور ہوں۔

وزیر اعظم نے کراچی کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر ملکر حل کرنے اور 150بسیں دینے کا اعلان کیا۔ کراچی کے ایک روزہ دورے کے دوران وزیراعظم شہباز شریف سے وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے ملاقات کی، جس میں شہباز شریف نے کہا کہ کراچی کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر مل بیٹھ کر حل کریں گے۔ شہباز شریف نے مزار قائد پر حاضری بھی دی۔

وزیر اعلیٰ ہاؤس میں ہونے والی ملاقات میں سندھ اور وفاق کے درمیان ترقیاتی کاموں اور دیگر مسائل پر بات چیت ‏کی گئی۔

وزیراعلیٰ سندھ نے ڈائریکٹ کٹوتیوں کے بعد فنڈز کی واپسی نہ ہونے پر بھی بات کی، جب کہ وزیراعظم نے مراد علی شاہ کو تمام مسائل مل بیٹھ کر حل کرنے کی یقین دہانی کروائی۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp