وزیراعظم شہباز شریف کب چین کا دورہ کررہے ہیں؟ تاریخ سامنے آگئی

ہفتہ 20 اپریل 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

4 مارچ 2024 کو وزارت عظمیٰ کا حلف اٹھانے والے وزیراعظم پاکستان نے اپنا پہلا سرکاری دورہ سعودی عرب کا کیا تھا اور اب ان کے دورہ چین کی تاریخ بھی سامنے آگئی ہے۔

وزیراعظم شہباز شریف نے 6 اپریل سے 8 اپریل تک سعودی عرب کا دورہ کیا تھا۔ اس دوران انہوں نے سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان سے بھی ملاقات کی تھی۔

اب یہ خبر سامنے آئی ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف 14 مئی سے چین کا سرکاری دورہ کریں گے۔

وزیراعظم یوتھ پروگرام کے چیئرمین رانا مشہود نے آج  پشاور میں قائم چینی ثقافتی مرکز ’چائنہ ونڈو‘ کا دورہ کیا اور وہاں میڈیا سے گفتگو بھی کی۔

رانا مشہود کا کہنا تھا کہ وزیراعظم شہباز شریف 14 مئی سے عوامی جمہوریہ چین کا سرکاری دورہ کریں گے۔

انہوں نے کہاکہ پاکستان اور چین کی دوستی کسی بھی شک وشبہ سے بالاتر ہے لیکن عمران خان کے دور حکومت میں نہ صرف سی پیک منصوبے کو تباہی سے دوچار کیا گیا بلکہ دونوں ملکوں کے تعلقات بھی خراب کرنے کی کوشش کی گئی۔

رانا مشہود نے مزید کہاکہ سی پیک کے تحت اب تک چین نے پاکستان میں 26 ارب ڈالرز کی سرمایہ کاری کی ہے جبکہ مجموعی سرمایہ کاری کا ہدف 65 ارب ڈالرز ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp