عمران خان کی معاون خصوصی کو شہباز شریف حکومت نے اعلیٰ عہدے پر فائز کردیا، سوشل میڈیا پر طوفان

بدھ 24 اپریل 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

وفاقی حکومت نے سابق وزیراعظم عمران خان کی معاون خصوصی رہنے والی تانیہ ایدروس کو ڈیجیٹل پاکستان کمیٹی کا کنونیئر مقرر کیا ہے جس کا نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا ہے۔

وزارت آئی ٹی سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق کمیٹی کی سربراہی وزیر مملکت برائے آئی ٹی شزا فاطمہ کریں گی۔

یاد رہے کہ عمران خان کے دور میں معاون خصوصی رہنے والی تانیہ ایدروس نے مبینہ طور پر دہری شہریت پر تنقید کی وجہ سے استعفیٰ دیدیا تھا۔

شہباز شریف حکومت نے جونہی عمران خان کی معاون خصوصی رہنے والی خاتون کو ڈیجیٹل پاکستان کمیٹی کا کنونیئر مقرر کیا سوشل میڈیا پر ایک بحث نے جنم لے لیا ہے۔

کچھ صارفین شہباز شریف کی حکومت پر تنقید کررہے ہیں تو کچھ کا کہنا ہے کہ تانیہ ایدروس غیر سیاسی خاتون ہیں انہیں صرف اس لیے یہ ذمہ داری دی گئی ہے تاکہ پاکستان ڈیجیٹل کی دنیا میں ترقی کرسکے۔

فیصل رانجھا نامی صارف نے ٹوئٹ کرتے ہوئے لکھا کہ یہ پارٹی ٹھیک نہیں ہوسکتی، گزشتہ 10 سال سے سوشل میڈیا پر انہیں خواری کا سامنا ہے، کچھ پاگل انہیں سپورٹ کرتے ہیں، انہیں لگتا ہے کہ شاید ملک ٹھیک ہوجائے لیکن یہ چاچا، ماما، دادا، یاری دوست گروپ سے باہر نہیں نکل سکے۔

اعجاز نامی صارف نے لکھا کہ مسلم لیگ ن والوں نے مریم اکرام کے ایم پی اے بننے پر تو بہت شور مچایا تھا، اب خاموش کیوں ہیں۔ اسے تو منافقت کہتے ہیں۔

احسن لکھتے ہیں کہ تانیہ ایدروس گوگل میں اچھے عہدے پر کام کر رہی تھیں، جہانگیر ترین ان کو ڈیجیٹل پاکستان پر کام کرنے کے لیے نوکری چھوڑنے پر آمادہ کرکے لائے تھے لیکن اعظم خان اور علی زیدی وغیرہ نے ان کو ایک دن بھی کام نہیں کرنے دیا، یہ ایک غیر سیاسی پروفیشنل خاتون ہیں۔

پی ایم ایل این ٹی ایم کے نام سے ایک اکاؤنٹ سے ٹوئٹ کی گئی کہ شہباز حکومت پی ٹی آئی والوں کو چن چن کر نواز رہی ہے۔

جاوید راؤ کہتے ہیں کہ سیاسی وابستگی ایک طرف مگر یہ محترمہ پی ٹی آئی کی حکومت میں انتہائی نکمی ثابت ہوئی تھیں، اس وقت تمام تر موافق حالات کے باوجود بھی ٹکے کا کام نہیں کرسکی تھیں۔

تانیہ ایدروس کی تعیناتی پر جہاں شہباز شریف کے مخالفین ان کو تنقید کا نشانہ بنارہے ہیں وہیں کچھ مسلم لیگیوں نے بھی اپنی توپوں کا رخ انہی کی طرف کیا ہوا ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp