ویمن کرکٹ ٹیم کی سابق کپتان بسمہ معروف نے فوری طور پر تمام فارمیٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کردیا، انہوں نے کہا کہ اس کھیل سے ریٹائرمنٹ لینے کا اعلان کیا ہے جس سے سب سے زیادہ پیار ہے۔
Former captain Bismah Maroof has announced her retirement from all cricket. #Pakistan pic.twitter.com/3CVSKu22Qp
— Shiraz Hassan (@ShirazHassan) April 25, 2024
ویمن کرکٹر بسمہ معروف کا کہنا ہے کہ یہ ایک ناقابل یقین سفر تھا، جو چیلنجوں، فتوحات اور ناقابل فراموش یادوں سے بھرا ہوا ہے۔ سب سے پہلے اپنے خاندان کا شکریہ ادا کرنا چاہتی ہوں، جنہوں نے شروع سے لے کر اب تک میرے پورے کرکٹ سفر میں میرا ساتھ دیا۔
مزید پڑھیں
بسمہ معروف نے کہا کہ پاکستان کرکٹ بورڈ کا بھی شکریہ ادا کرنا چاہتی ہوں کہ انہوں نے مجھ پر اعتماد کیا اور اپنی صلاحیتوں کو ظاہر کرنے کے لیے پلیٹ فارم مہیا کیا۔ پی سی بی کی طرف سے تعاون انمول رہا ہے خاص طور پر میرے لیے پہلی بار پیرنٹل پالیسی کو نافذ کرنے میں، جس نے مجھے ماں ہوتے ہوئے اپنے ملک کی اعلیٰ سطح پر نمائندگی کرنے کے قابل بنایا۔
انہوں نے کہا کہ میں ان مداحوں کی تہہ دل سے مشکور ہوں جن کی غیر متزلزل حمایت میرے پورے کیریئر میں حاصل رہی۔ جہاں بھی اور جب بھی میں نے اپنے ملک کی نمائندگی کی ہے انہوں نے مجھے سپورٹ کیا۔
انہوں نے اپنی ساتھی کھلاڑیوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ تمام کھلاڑی جو میرے لیے ایک خاندان کی طرح ہیں، سب نے میدان کے اندر اور باہر جس دوستی کا مظاہرہ کیا اسے ہمیشہ یاد رکھوں گی۔
واضح رہے سابق کپتان بسمہ معروف نے 276 بین الاقوامی میچوں میں پاکستان کی نمائندگی کی جو کسی بھی پاکستانی خاتون کرکٹر کی جانب سے سب سے زیادہ میچز ہیں۔ بائیں ہاتھ کی بیٹر بسمہ معروف نے اپنا ون ڈے ڈیبیو 2006 میں بھارت کے خلاف کیا تھا اور 2009 میں آئرلینڈ کے خلاف اپنا ٹی20 ڈیبیو کیا تھا۔
انہوں نے 96 بین الاقوامی میچوں میں ٹیم کی کپتانی کی، آئی سی سی ویمنز ون ڈے ورلڈکپ کے 4 ایڈیشنز (2009، 2013، 2017 اور 2022) جبکہ ٹی20 کے 8 ایڈیشنز میں پاکستان کی نمائندگی کی۔
2022 کے نیوزی لینڈ میں ہونے والے ون ڈے، 2020 اور 2023 میں ہونے والے ٹی20 ورلڈکپ میں انہوں نے ٹیم کی قیادت بھی کی۔