جویریہ خان نے انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کردیا

جمعرات 21 مارچ 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستانی خاتون کرکٹر جویریہ خان نے عالمی کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کردیا ہے، انہوں نے اپنے 15 سالہ ون ڈے کریئر کا آغاز 6 مئی 2008 کو سری لنکا کے خلاف ویمنز ایشیا کپ میں کیا تھا۔

ٹی 20 انٹرنیشنل کرکٹ کا آغاز 2009 میں آئرلینڈ کے خلاف ڈبلن میں کرنے والی جویریہ خان نے 228 بین الاقوامی میچوں  میں پاکستان ویمنز ٹیم کی نمائندگی کرتے ہوئے مجموعی طور پر 4,903 رنز بنائے، جس میں دو سینچریاں اور 25 نصف سینچریاں شامل ہیں، انہوں نے 28 وکٹیں بھی حاصل کیں۔

جویریہ اس وقت پاکستان ویمنز ٹیم کے لیے ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں دوسری سب سے زیادہ رنز بنانے والی کھلاڑی ہیں اور بسمہ معروف کے علاوہ ہر فارمیٹ میں 2,000 سے زیادہ رنز بنانے والی پاکستان کی واحد خاتون کرکٹر ہیں۔

جویریہ خان نے 50 اوورز کے 4 ورلڈ کپ اور تمام 8 ٹی20 ورلڈ کپ میں پاکستان کی نمائندگی کی، انہوں نے پاکستان ویمنز ٹیم اسکواڈ کا بھی حصہ تھیں، جنہوں نے چین اور جنوبی کوریا میں منعقدہ 2010 اور 2014 کے ایشین گیمز میں گولڈ میڈل جیتا تھا۔

جویریہ نے 17 ون ڈے اور 16 ٹی20 میں پاکستان ویمنز ٹیم کی کپتانی بھی کی، انہوں نےخواتین کے ٹی20 ورلڈ کپ کے 2 ایڈیشنز میں ٹیم کی کپتانی بھی کی، کراچی میں پیدا ہونے والی 35 سالہ کرکٹر نے گزشتہ سال اگست میں لاہور میں ہونے والے پی سی بی لیول 2 کرکٹ کوچنگ کورس میں بھی حصہ لیا تھا۔

سماجی رابطے کے ویب سائٹ ایکس پر پوسٹ کیے گئے اپنے بیان میں جویریہ خان کا کہنا ہے کہ ہر چیز کا ایک وقت ہوتا ہے اور ان کی ریٹائرمنٹ کے اعلان کا یہی وقت ہے، تاہم انہوں نے لیگ کرکٹ کے لیے دستیاب رہنے کا بھی کہا ہے۔

’میں اپنے پورے کریئر میں ملنے والی حمایت پر شکر گزار ہوں، اپنے خاندان، ٹیم کی ساتھیوں، پاکستان کرکٹ بورڈ، اپنے ادراے زیڈ ٹی بی ایل کا ہر قدم پر تعاون اور رہنمائی کے لیے شکریہ ادا کرنا چاہتی ہوں۔۔۔مجھے دنیا بھر میں پاکستان کا جھنڈا تھامنے کے اعزاز پر فخر ہے۔

ویمنز کرکٹ کی سربراہ تانیہ ملک کا کہنا ہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ اور تمام کرکٹ فینز کی طرف سے وہ جویریہ خان کے شاندار کریئر اور پاکستان کرکٹ کے لیے ان کی خدمات پر ان کا شکریہ ادا کرنا چاہتی ہیں۔

’بلے کے ساتھ ان کے شاندار ریکارڈز  خود ہی بیان کررہے ہیں اور مجھے یقین ہے کہ ان کا شاندار کریئر ملک کی بہت سی لڑکیوں کو نہ صرف اس کھیل میں حصہ لینے بلکہ کئی سال  تک اس میں مہارت حاصل کرنے کی ترغیب دے گا، ہم ان کے انتھک عزم کا شکریہ ادا کرتے ہیں اور ان کے بہترین مستقبل کے خواہشمند ہیں۔‘

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp