رکن بلوچستان اسمبلی ورہنما عوامی نیشنل پارٹی ( اے این پی) زمرک خان اچکزئی نے الزام عائد کیا ہے کہ ’اے این پی ‘ کو پارلیمنٹ سے دور رکھنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ کسی کو امن وامان خراب کرنے کی اجازت نہیں دیں گے، مخالفین عدالت جانا چاہتے ہیں تو جائیں۔
مزید پڑھیں
جمعرات کو کوئٹہ میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے زمرک خان نے کہا کہ ہم نے پارلیمنٹ کی بالادستی کے لیے قربانیاں دی ہیں لیکن اے این پی کو پارلیمنٹ سے دوررکھنے کی کوشش کی جارہی ہے۔
زمرک خان اچکزئی نے کہا کہ الیکشن میں حصہ لیا، جمہوری عمل کو خراب نہیں کرنا چاہتے نہ ہی باچاخان اور ولی خان کی سیاست پر کوئی سمجھوتہ کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ 8فروری کے الیکشن میں ہمارے ساتھ ظلم ہوا، قلعہ عبداللہ میں کامیابی حاصل کی، جے یوآئی اور پی کے میپ عدالت میں گئی، سپریم کورٹ نے پورے حلقے میں الیکشن کروانے کا حکم دیا، عدالتی فیصلے کی روشنی میں21اپریل کے الیکشن میں حصہ لیا اور کامیاب ہوئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ مخالفین کو برداشت کا مادہ پیدا کرنا چاہیے، ماضی میں بھی مخالف پارٹی دھاندلی میں ملوث رہی ہے، میں نے مسلسل 5 الیکشن جیتے ہیں، عوام نے مینڈیٹ دیا ہے، جس پر ان کا شکر گزار ہوں۔
انہوں نے کہا کہ قلعہ عبداللہ میں پرامن الیکشن ہوئے،کوئی دھاندلی نہیں ہوئی، مخالفین علاقے کی ترقی نہیں چاہتے۔کسی کو عوام کو تکلیف یاامن وامان خراب کرنے کی اجازت نہیں دیں گے، مخالفین عدالت جانا چاہتے ہیں تو جائیں، ہم میدان چھوڑ کر نہیں جائیں گے۔