وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف کے ساتھ 25 سالہ پرانا تعلق ہے، بڑے بھائیوں کی طرح ہیں، ہمارا تعلق مضبوط ہے اور رہے گا۔ میری لیے وزارت داخلہ تعلقات سے زیادہ اہم نہیں ہے، جو تعلقات خراب کرنے کے خواہشمند ہیں ان کی خواہش پوری نہیں ہوگی۔
وزیر داخلہ محسن نقوی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میں خود شہید کا داماد ہوں شہیدوں کا خاندان میری اولین ترجیح ہے، ان کے تمام مسائل حل ہوں گے۔
مزید پڑھیں
محسن نقوی نے کہا کہ پولیس خدمت سینٹر 24گھنٹے کھلا رہے گا، آئی جی اسلام آباد نہ سوتے ہیں نہ کسی کو سونے دیتے ہیں، لاہور میں جرائم میں کمی آئی ہے اسلام آباد میں بھی لائیں گے۔
’پنجاب میں بھی پولیسنگ کو ٹھیک کرنے کی مثال نہیں ملتی، نظام میں جتنی بہتری لاسکتے ہیں لائیں گے، یہ واحد مرکز ہے جو 28قسم کی سہولتیں فراہم کررہاہے‘۔
وزیر داخلہ نے کہا کہ ہمارے لیے سب سے زیادہ ضروری اسلام آباد میں کرائم نیچے لانا ہے، ایف آئی آر کی کیٹگری ہر تھانے میں لکھی ہوگی اگر درج نہیں کریں گے تو ایکشن لیں گے۔
محسن نقوی نے کہا کہ پنجاب میں کرائم 30فیصد نیچے لاسکتے ہیں تو اسلام آباد میں بھی لاسکتے ہیں، بجلی چوروں کو پکڑ کر سزائیں دیں گے، اب ایسا نہیں ہوگا کہ آپ کا بل 15ہزار ہے اور 30ہزار آئے۔
انہوں نے کہا کہ عوام کی بہتری کے لیے دن رات کام کررہے ہیں، ہرطرف آپ کو بہتری نظر آئے گی، سب سے زیادہ ضروری جرائم کی شرح کم کرنا ہے، مارگلہ کے ٹریک کے لیے پولیس پیٹرولنگ شروع کررہے ہیں، پولیس خدمت مرکز عوام کے لیے کھلا ہوا ہے۔
’جیل اور لیب پر کام شروع کر دیا ہے، پولیس کی بہتری کے لیے کام کررہے ہیں، یہ نہیں کہہ رہے کہ کرپشن ختم کر دینگے لیکن کمی لاسکتے ہیں‘۔
انہوں نے مزید کہا کہ مجھے نہیں معلوم لوگ کس طرح کی بات کرتے ہیں، مجھے فرق ہی نہیں پڑتا ہے۔