عمران خان کی اسٹیبلشمنٹ سے ڈیل کا علم نہیں، وزیر داخلہ محسن نقوی

پیر 29 اپریل 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ ان کے علم میں نہیں کہ عمران خان کی اسٹیبلشمنٹ سے کوئی ڈیل ہورہی ہے۔ جو ڈیل کررہے ہیں ان سے پوچھیں

اسلام آباد میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے کہا کہ اسلام آباد کے 70 سال سے زیادہ عمر کے شہری کا ڈرائیونگ لائسنس گھر بیٹھے بنے گا، 70 سال سے زیادہ عمر کے شہری صرف ٹریفک پولیس کو فون کریں گے، ٹریفک پولیس کی ٹیم ان کے گھر جاکر ان کا لائسنس بنائے گی۔

محسن نقوی نے کہا کہ اسلام آباد میں ٹریفک کا مسئلہ حل کرنے کی کوشش کررہے ہیں، سی ڈی اے نے بھی کام شروع کردیا ہے، اسلام آباد کو سنگنل فری کرکے ٹریفک کا بہاؤ ختم کریں گے، اسلام آباد کو منشیات سے پاک اور تجاوزات کا خاتمہ کریں گے، پورے اسلام آباد میں منشیات فروشوں کے خلاف آپریشن ہوگا، کالجز اور یونیورسٹیوں میں آپریشنز کیے جائیں گے۔

وزیرداخلہ نے کہا کہ اسلام آباد پولیس کے ملازمین اور شہداء کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کریں گے، آنے والے دنوں میں بہتری نظر آئے گی۔

ایک سوال کے جواب میں محسن نقوی نے کہا ’اگر کوئی پولیس فورس یا آرمی میں جاتا ہے تو وہ سوچ سمجھ کرجاتا ہے، پولیس فورس 24 گھنٹے کام کرنے والی فورس ہے، یہ 9 سے 5 بجے تک کی جاب نہیں ہے۔‘

پاسپورٹ آفسز میں شہروں کو درپیش مسائل کے حوالے سے پوچھے گئے سوال کے جواب میں وزیرداخلہ نے کہا ’میں لاہور پاسپورٹ آفس میں گیا، وہاں پر کرپشن کی بہت شکایت تھی، پوری ٹیم کو تبدیل کیا ہے۔ جو پاسپورٹ میں تاخیر کا مسئلہ ہے وہ مِس منیجمنٹ ہے، کچھ تکنیکی ایشوز ہیں جنہیں حل کیا جارہا ہے۔

کیا عمران خان اور اسٹیبلشمنٹ کی کوئی ڈیل ہوگی؟ اس سوال کے جواب میں وزیرداخلہ نے کہا کہ جو ڈیل کررہے ہیں ان سے پوچھیں، کسی کا نام ای سی ایل سے نکالنے کے لیے کابینہ کی کمیٹی بنی ہوئی ہے، کسی کا نام ای سی ایل سے نکالنے کے لیے کابینہ کی یہ کمیٹی فیصلہ کرتی ہے، مجھے علم نہیں ہے کہ عمران خان کی اسٹیبلشمنٹ سے ڈیل ہورہی ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp