انٹرنیشنل لاء ایسوسی ایشن (آئی ایل اے اٹلی) کی اطالوی برانچ اور اسلام آباد پالیسی ریسرچ انسٹی ٹیوٹ (آئی پی آر آئی) نے بین الاقوامی قانون کی تفہیم اور ترقی سے متعلق امور پر دونوں اداروں کے درمیان تعاون، معلومات کے تبادلے اور تعلیمی پروگرامز کو فروغ دینے کے لیے معاہدے پر دستخط کر دیے ہیں۔
مزید پڑھیں
اس اسٹریٹجک تعاون کو عالمی سطح پر قانونی چیلنجز سے نمٹنے اور وسائل سے فائدہ اٹھانے کی طرف ایک اہم قدم قرار دیا جا رہا ہے۔
اسلام آباد میں ہونے والی تقریب میں ہونے والے معاہدے کا مقصد دونوں اداروں کی سائنسی اور تعلیمی سطح پر استعدادِ کار کو بڑھانا، اطالوی اور پاکستانی ماہرین تعلیم اور پالیسی سازوں کے درمیان دوستی اور تعاون کو فروغ دینا اور بین الاقوامی قانون پر تحقیق اور تجزیے میں تعاون میں سہولت فراہم کرنا ہے۔
اس معاہدے میں باہمی تحقیقی پروگرامز، مطبوعات اور مواد کے تبادلے، کانفرنسوں اور سیمیناروں کے لیے اسکالرز کے تبادلے اور تعلیمی پروگرامز سمیت تعاون کی مختلف طریقوں کا خاکہ پیش کیا گیا ہے۔
دونوں تنظیمیں معاہدے کے تحت مشترکہ سرگرمیاں شروع کرنے کی خواہاں ہیں اور انہیں یقین ہے کہ اس شراکت داری سے دونوں ممالک کے قانونی اور پالیسی اسٹیک ہولڈرز کو قابل قدر نتائج حاصل ہوں گے۔
آئی پی آر آئی پاکستان کے قدیم ترین غیر جانبدار تھنک ٹینکس میں سے ایک ہے جو قومی سلامتی کے تمام پہلوؤں بشمول بین الاقوامی تعلقات اور قانون، اسٹریٹجک اسٹڈیز، گورننس اور پبلک پالیسی اور معاشی سلامتی پر توجہ مرکوز رکھے ہوئے ہے۔
1999ء میں قائم ہونے والا آئی پی آر آئی حکومت پاکستان کے نیشنل سیکیورٹی ڈویژن (این ایس ڈی) سے وابستہ ہے۔
بین الاقوامی قانون ایسوسی ایشن (آئی ایل اے) کی اطالوی شاخ کے طور پر 1925 میں قائم، آئی ایل اے اٹلی عالمی قوانین میں مہارت کو ترقی دینے کا ارادہ رکھتا ہے۔