کراچی تا پشاور ’وائٹ آئل پائپ لائن‘ منصوبے کی مفاہمتی یادداشت پر دستخط

جمعرات 29 فروری 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل سیکرٹریٹ اسلام آباد میں کراچی تا پشاور وائٹ آئل پائپ لائن منصوبے پر عملدرآمد کے لیے پاکستان اسٹیٹ آئل، فرنٹیئر ورکس آرگنائزیشن اورانٹراسٹیٹ گیس سسٹمز کے درمیان مفاہمتی یادداشت پر دستخط کیے گئے ہیں۔

ماچھیکے۔ٹھلیاں۔تاروجبہ وائٹ آئل پائپ لائن منصوبہ کے لیے کنسورشیم کی تشکیل سے متعلق فریقین کے درمیان مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کی تقریب خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل میں منعقد ہوئی۔

ایم ڈی پاکستان اسٹیٹ آئل سید محمد طحہٰ، ڈائریکٹر جنرل فرنٹیئر ورکس آرگنائزیشن میجر جنرل عبدالسمیع اور مینیجنگ ڈائریکٹر انٹر اسٹیٹ گیس سسٹمز پرائیویٹ لمیٹڈ ندیم باجوہ نے مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کیے۔

پائپ لائن منصوبہ پٹرولیم ڈویژن اور خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل کے عزم کا عکاس ہے، ماچھیکے۔ٹھلیاں۔تاروجبہ وائٹ آئل پائپ لائن منصوبے کا مقصد کراچی سے پشاور تک تیل کی پائپ لائن کی تکمیل کے علاوہ پیٹرولیم مصنوعات کی موثر نقل و حمل اور ملاوٹ کی روک تھام کے ساتھ ساتھ حفاظتی اقدامات کو یقینی بنانا ہے۔

یہ پائپ لائن لاہور کے قریب ماچھیکے سے پشاور کے قریب تارو جبہ تک مکمل کی جائے گی، پائپ لائن 3 حصوں پر مشتمل ہے جن میں ماچھیکے۔چک پیرانہ، چک پیرانہ سے روات اور روات سے تاروجبہ شامل ہیں، یہ فلیگ شپ منصوبہ ایف ڈبلیو او کی زیر پرستی پاکستان اسٹیت آئل اور ا انٹر اسٹیٹ گیس سسٹمز کے مشترکہ تعاون سےمکمل کیا جائے گا۔

427 کلومیٹر طویل پائپ لائن کا مقصد ابتدائی طور پر 6 ایم ٹی پی اے گنجائش کے ساتھ کراچی سے پشاور تک پیٹرولیم مصنوعات کی موثر سپلائی چین کو یقینی بنانا ہے، اس پائپ لائن سے ٹریفک کے دباؤ، ماحولیاتی آلودگی اور نقل و حمل کے اخراجات میں نمایاں کمی لانے میں مدد ملے گی۔

مفاہمتی یادداشت پر دستخط کی تقریب میں وفاقی وزیر توانائی محمد علی، سیکریٹری پٹرولیم ڈویژن مومن آغا اورسیکریٹری ایس آئی ایف سی جمیل قریشی نے بھی شرکت کی۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp