پاکستان نے اذلان شاہ ہاکی ٹورنامنٹ میں شرکت کے لیے قومی کھیل کے 18 رکنی اسکواڈ کا اعلان کر دیا، عماد شکیل بٹ کپتان، ابوبکر نائب کپتان مقرر کیا گیا ہے۔
پاکستان ہاکی فیڈریشن کی جانب سے اتوار کو اذلان شاہ ہاکی ٹورنامنٹ کے لیے قومی ٹیم کا اعلان کیا گیا جس کے مطابق پاکستان کا 18 رکنی اسکواڈ اذلان شاہ ہاکی ٹورنامنٹ میں شرکت کے لیے ملائیشیا کے دارلحکومت کوالمپور روانہ ہو گا۔
اعلان کے مطابق عماد شکیل بٹ کو قومی ہاکی ٹیم کا کپتان اور ابوبکر کو نائب کپتان مقرر کیا گیا ہے جب کہ دیگر کھلاڑیوں میں عبداللہ، سفیان، اسامہ بشیر، احتشام، ارشد لیاقت، ، عبد الرحمان، حنان شاہد، راناوحید اور اعجاز احمد، معین شکیل، سلمان رزاق، ذکریا حیات، مرتضیٰ یعقوب،غضنفرعلی شامل ہیں۔
ٹیم میں 2 گول کیپرز عبداللہ اور منیب الرحمن کو بھی شامل کیا گیا ہے، اس کے علاوہ ٹیم میں 7 ریزرو کھلاڑیوں کو بھی شامل کیا گیا ہے۔
قومی ہاکی ٹیم کے ہیڈ کوچ رولنٹ اولٹمنز نے کہا ہے کہ ٹیم کھلاڑیوں کے ٹیلنٹ کو دیکھ کر اعلان کی گئی ہے امید ہے کہ یہ ٹیم بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرے گی، دیگرکھلاڑیوں کو بھی اپنے کھیل پر توجہ دینا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ ہمارے لیے محض اذلان شاہ ہاکی ٹورنامنٹ ہی نہیں بلکہ دیگر ٹورنامنٹس کے لیے بھی اچھی ٹیم تیار کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔
واضح رہے کہ قومی ٹیم 2 مئی کو ملائیشیا روانہ ہوگی جبکہ سلطان اذلان شاہ کپ 4 مئی سے شروع ہوگا ۔
اذلان شاہ کپ ہاکی کا ایک بین الاقوامی ایونٹ ہے ، جس میں دُنیا بھر سے قریباً 12 ٹیمیں حصہ لیتی ہیں۔ اس کا آغاز 1983ء میں ہوا تھا جو ہر 2 سال بعد منعقد ہوا کرتا تھا تاہم 1998ء سے یہ سالانہ بنیادوں پر کھیلا جاتا ہے۔
اس کا نام ملائیشیا کے نویں بادشاہ سلطان اذلان شاہ کے نام منسوب کیا گیا تھا جو ہاکی کھیل کے بے حد شوقین تھے۔ پاکستان اذلان شاہ ہاکی ٹورنامنٹ کا 1999، 2000 اور 2003 میں 3 بار چیمپیئن رہ چکا ہے ۔