اسحاق ڈار سے دیمہ الیحییٰ کی ملاقات، ڈیجیٹل تبدیلی کے لیے تعاون جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ

پیر 29 اپریل 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

ڈیجیٹل کوآپریشن آرگنائزیشن کی سیکریٹری جنرل دیمہ الیحییٰ سے ملاقات میں وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے پاکستان، سعودی عرب سمیت آرگنائزیشن کے دیگر رکن ممالک کی اقتصادی ترقی اور ڈیجیٹل تبدیلی کے لیے قریبی تعاون جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔

ڈیجیٹل کوآپریشن آرگنائزیشن (DCO) کی سیکرٹری جنرل دیمہ الیحییٰ نے پاکستان کے نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ سینیٹر اسحاق ڈار سے ریاض میں عالمی تعاون، ترقی اور توانائی برائے ترقی کے حوالے سے ورلڈ اکنامک فدورم کے خصوصی اجلاس کے موقع پر ملاقات کی۔

ملاقات کے دوران دیمہ الیحییٰ نے رواں ماہ کے اوائل میں اپنے کامیاب دورہ پاکستان کا ذکر کرتے ہوئے تکنیکی ترقی اور معیشت کی ڈیجیٹل تبدیلی کے لیے پاکستان کی صلاحیتوں کو سراہا، ٹیکنالوجی سے بہرہ مند نوجوانوں کو پاکستان کی طاقت قرار دیتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ڈی سی او کے بانی رکن کے طور پر پاکستان ڈی سی او کی قدر میں اضافہ اور اس کے عروج اور ترقی میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔

نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ نے سیکرٹری جنرل دیمہ الیہیہ کو ڈی سی او کے لیے قابل ستائش خدمات پر مبارکباد پیش کی اور کہا کہ ڈی سی او ان کی قابل قیادت کی بدولت قلیل عرصے میں شاندار پیش رفت کرنے میں کامیاب ہوئی ہے، انہوں نے معاشی ترقی کو تیز کرنے میں انفارمیشن کمیونیکیشن ٹیکنالوجیزکی اہمیت پر بھی زور دیا۔

اسحاق ڈار نے ڈی سی او کے رکن ممالک کو دنیا کے تیزی سے ترقی پذیر ٹیکنالوجی کے لینڈ اسکیپ میں ابھرتی ہوئی ٹیکنالوجیز میں صلاحیتوں کے حصول کی ضرورت پر زور دیا، اس سلسلے میں، انہوں نے ڈی سی او کی تعریف کرتے ہوئے کہا  کہ وہ اپنے رکن ممالک کو ان کی ڈیجیٹل ترقی کے لیے مناسب پلیٹ فارم فراہم کر رہی ہے۔

اسحاق ڈار نے ڈی سی او کے اٹھائے گئے اقدامات کے لیے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا اور تنظیم کے مشن ’سب کے لیے ڈیجیٹل خوشحالی‘ کے حصول کے لیے اپنی بھرپور حمایت کا اظہار کیا، دونوں رہنماؤں کے مابین ملاقات کے دوران مستقبل میں تعاون کے لیے کئی اقدامات بھی زیر بحث آئے۔

پاکستان کے نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار اور سیکریٹری جنرل ڈی سی او دیمہ الیحییٰ نے پاکستان اور سعودی عرب سمیت ڈی سی او کے دیگر رکن ممالک کی اقتصادی ترقی اور ڈیجیٹل تبدیلی کے لیے قریبی تعاون جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp