نائب وزیراعظم و وزیرخارجہ اسحاق ڈار سعودی عرب سے گیمبیا جائیں گے

پیر 29 اپریل 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

وزیر خارجہ و نائب وزیر اعظم اسحاق ڈار سعودی عرب سے یکم مئی کو علی الصبح گیمبیا کے لیے روانہ ہو جائیں گے۔

سفارتی ذرائع کے مطابق اسحاق ڈار سعودی عرب سے وطن واپس آنے سے قبل گیمبیا کے دارلحکومت بنجول جائیں گے۔

اسحاق ڈار بنجول میں وزیر خارجہ اسلامی تعاون تنظیم کے وزرائے خارجہ اجلاس میں شرکت کریں گے۔

او آئی سی وزرائے خارجہ اجلاس بنجول میں 2 اور 3 مئی کو منعقد ہو گا۔

وزیر اعظم محمد شہباز شریف 3 مئی کی شام گیمبیا روانہ ہوں گے او آئی سی سربراہان مملکت اجلاس میں شرکت کریں گے۔

او آئی سی سربراہان مملکت اجلاس 4 اور 5 مئی کو بنجول میں منعقد ہو گا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ غزہ کی موجودہ نازک صورتحال میں او آئی سی سربراہان مملکت و وزرائے خارجہ اہمیت کے حامل ہیں۔ وزیر اعظم اور وزیر خارجہ اجلاسوں میں غزہ،  مقبوضہ کشمیر اور اسلامو فوبیا کے حوالے سے جاندار آواز بلند کریں گے۔

او آئی سی اجلاسوں کی سائیڈ لائنز پر دونوں پاکستانی راہنما دیگر ممالک کے ہم منصبوں سے بھی ملاقاتیں کریں گے۔

وزیر اعظم اور ڈپٹی وزیر اعظم و وزیر خارجہ کی 6 مئی کو وطن واپسی متوقع ہے۔ تاہم اچانک نئی مصروفیات کے باعث واپسی کے شیڈول میں تبدیلی بھی ہو سکتی ہے۔

اسحاق ڈار کی شہزادہ عبدالعزیز بن سلمان سے ملاقات

نائب وزیر اعظم اور وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار نے سعودی وزیر برائے توانائی شہزادہ عبدالعزیز بن سلمان سے ملاقات کی۔

ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق ملاقات میں بین الاقوامی سعودی کمپنی آرامکو کے سی ای او امین ایچ ناصر، اور سعودی الیکٹرک کمپنی ACWA اکوا پاور کے چیئرمین محمد اے ابونایان بھی شریک ہوئے۔

ملاقات ریاض میں عالمی اقتصادی فورم کے عالمی تعاون، نمو کے اجلاس کے موقع پر ہوئی۔

ترجمان کا کہنا ہے کہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان توانائی کے شعبے میں تعاون بڑھانے کے وسیع امکانات موجود ہیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp