سرکاری افسران کے لیے خوشخبری، ایک ماہ کی تنخواہ بطور انعام دی جائے گی

پیر 29 اپریل 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان نے موٹروے اور ایف آئی اے کے 289 افسران کے لیے ایک ماہ کی تنخواہ بطور انعام دینے کا اعلان کیا ہے۔

عبدالعلیم خان نے یہ اعلان نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹر وے ٹریننگ کالج شیخوپورہ میں 14ویں پٹرولنگ افسران کی پاسنگ آؤٹ پریڈ کی تقریب سے خطاب کے دوران کیا۔

تربیت مکمل کرنے والے موٹر وے پولیس کے 189 افسران میں 26 خواتین بھی شامل ہیں، جبکہ وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) کے 100 افسران نے بھی تربیت مکمل کی ہے۔

وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان نے کہا کہ آج ہمارے لیے بڑا دن ہے کہ ہماری بیٹیاں بھی تربیت حاصل کرنے والوں میں شریک ہیں۔ انہوں نے کہا کہ میں چاہتا ہوں کہ ہمارے ادارے اپنا بوجھ خود اٹھائیں، حکومت سے پیسے مانگنے کے بجائے ہمیں حکومت کو پیسے دینا چاہئیں۔

وزیر مواصلات کا کہنا تھا کہ سکھر سے حیدر آباد موٹر وے جلد از جلد مکمل کریں گے تاکہ موٹر ویز کا جال کراچی تک پہنچ سکے۔ مانسہرہ موٹر وے کو بھی گلگت سے اسکردو تک پہنچائیں گے۔ موٹروے کی تکمیل علاقے کیلئے گیم چینجر ہوگی۔

عبدالعلیم خان نے کہا کہ موٹروے کیلئے کام کرنے والے بھی خراج تحسین کے مستحق ہیں، کبھی کسی نے نہیں کہا موٹروے پولیس کے افسر نے رشوت مانگی، موٹروے پولیس نے قوم کا سرفخر سے بلند کیا، موٹروے پر آنے والے لوگ ایمانداری سے اپنا چالان اداکرتے ہیں، کبھی کسی نے پیسے موٹروے کے افسر کو دینے کی کوشش نہیں کی۔ امید ہے یہی روایت دیگر اداروں میں بھی بڑھاسکیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ دل کی گہرائیوں سے تربیت مکمل کرنے والے افسران کو مبارک دیتا ہوں، اس امید کے ساتھ کہ آپ اپنے والدین اور ملک کا نام روشن کریں گے۔ قبل ازیں وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان نے پاسنگ آؤٹ پریڈ کا معائنہ کیا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp