حکومت کی ناقص گندم پالیسی کے خلاف دھرنے کےاعلان کے بعد پولیس نے کسانوں کے خلاف کریک ڈاون شروع کر دیا ہے، کسان بورڈ پنجاب کے صدر رشید منہالہ کو لاہور سے گرفتار کر لیا گیا ہے جبکہ کسانوں کو مختلف شہروں سے پنجاب اسمبلی تک پہنچنے سے روکنے کے لیے موٹرویز اور قومی شاہراہوں پر چیکنگ سخت کر دی گئی ہے۔
کسان اتحاد پاکستان کے جنرل سیکرٹری میاں عمیر نے دعویٰ کیا ہے کہ حکومت موٹر ویز کے انٹر چینجز کو بلاک کر رہی ہے، اب تک کسانوں کی 12 سے زائد بسوں کو روک کر احتجاج میں شرکت کے لیے آنے والوں کو گرفتار کیا جا چکا ہے، ان کےمطابق کسان اتحاد کے ضلعی صدور بھی متعلقہ اضلاع میں رات گئے گرفتار کیے جا چکے ہیں۔
پولیس نے کسان بورڈ پنجاب کے صدر رشید منہالہ کو رات گرفتار کر لیا،کسانوں کو احتجاج سے روکنے کے لیے پولیس گرفتاریاں کررہی ہے-
تمام مسائل کا ایک ہی حل گرفتاری، چھاپے، چادر چاردیواری کی پامالی ہے ؟ PMLN کی ایک کسان دشمن حکومت ہے! کسان بچے گا تو پاکستان بچے گا, کسانوں کا معاشی قتل… pic.twitter.com/FE1hJF7xtL
— PTI (@PTIofficial) April 29, 2024
ترجمان کسان بورڈ نے رشید منہالہ کی گرفتاری کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ پولیس کی جانب سے گرفتاریوں اور رکاوٹوں کے باوجود کسان برادری اپنے مقصد سے پیچھے نہیں ہٹے گی۔
صوبائی وزیر اطلاعات کی جانب سے گرفتاری کی تردید
دوسری جانب وزیر اطلاعات پنجاب عظمی بخاری نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ پنجاب حکومت نے کسانوں کے کسی نمائندے کو گرفتار نہیں کیا اور نہ ہی صوبہ بھر میں کسانوں کے نمائندوں کی گرفتاریاں ہوئی ہیں، ان کے مطابق پاکستان میں کسانوں کی 3 سے 4 تنظیمیں ہیں، پنجاب حکومت کسانوں کے حقیقی نمائندوں سے مکمل رابطے میں ہے۔
عظمیٰ بخاری کاکہنا تھا کہ پنجاب حکومت کسانوں کے ہر قسم کے مفاد کا تحفظ کر رہی ہے، کچھ لوگ اپنی سیاست کی آڑ میں کسانوں کا لبادہ اوڑھے ہوئے ہی، کچھ ایسے موسمی کسان بھی بن گئے ہیں جنہوں نے مخالف سیاسی جماعت سے ہمارے مقابلے میں الیکشن بھی لڑے ہیں۔
’کسی کو اپنی ذاتی سیاست کسانوں کی آڑ میں چمکانے کی اجازت نہیں دیں گے، جو لوگ اپنی سیاسی دکانداری کے لیے کسانوں کا لبادہ اوڑھے ہیں ان کو کسانوں کا نام استعمال نہیں کرنے دیں گے، ایک مخصوص جماعت اپنے لوگوں کے ذریعے گندم کے معاملے کو سیاسی رنگ دے رہی ہے، یہ جماعت کسانوں کی سب سے بڑی دشمن جماعت ہے۔‘
کسان اتحاد کا ہر صورت احتجاج کرنے کا اعلان
مرکزی صدر کسان اتحاد پاکستان خالد باٹھ کا کہنا ہے کہ پنجاب حکومت کسانوں کو ریلیف دینے کے بجائے گرفتار کر کے ظلم کر رہی ہے، کسان اتحاد پاکستان آج ہر صورت پنجاب اسمبلی کے مرکزی دروازے کے سامنے پر امن احتجاج کرے گا۔
مرکزی صدر کسان اتحاد پاکستان خالد باٹھ کا کہنا ہے کہ پنجاب حکومت کسانوں کو ریلیف دینے کے بجائے گرفتار کر کے ظلم کر رہی ہے، کسان اتحاد پاکستان آج ہر صورت پنجاب اسمبلی کے مرکزی دروازے کے سامنے پر امن احتجاج کرے گا، تحریک انصاف اور سنی اتحاد کونسل نے بھی کسانوں سے اظہار یکجہتی کا فیصلہ کیا ہے۔
چیف وہپ سنی اتحاد کونسل رانا شہباز کا کہنا ہے کہ اپوزیشن کے اراکین صوبائی اسمبلی آج مال روڈ پر کسانوں کے ساتھ مل کر دھرنا دیں گے، بولے؛ حکومت نہ گندم خرید رہی ہے نہ ہی ایوان کی تجاویز پر عمل کر رہی ہے، پنجاب کی سفاک حکومت کسانوں کی گندم خریدنے کے بجائے ان کی گرفتاریوں پر اتر آئی ہے۔