چین میں ایک بلی نے گھر کو آگ لگا دی جس کے باعث گھر کی مالکن کو لاکھوں روپے کا نقصان اٹھانا پڑا۔
مزید پڑھیں
چینی میڈیا رپورٹس کے مطابق، بلی نے گھر کے باورچی خانے میں ’غلطی سے‘ انڈکشن ککر چلا دیا جس کی وجہ سے گھر میں آگ لگ گئی اور گھر کی مالکن کو تقریباً ایک لاکھ یوآن کا نقصان اٹھانا پڑا۔
چین کے صوبے سیشوان میں واقع اس گھر کی مالکن ڈینڈین کا کہنا ہے کہ آگ کی اطلاع ملتے ہی وہ گھر پہنچیں تو انہیں اندازہ ہوا کہ یہ آگ ان کی بلی نے لگائی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ ان کی بلی کا نام ’جنگوڈیاؤ‘ ہے اور اسے باورچی خانے میں کھیلنا پسند ہے، اس نے غلطی سے انڈکشن ککر کے ٹچ پینل کو آن کردیا ہوگا جس کی وجہ سے آگ لگ گئی جو پورے فرسٹ فلور تک پھیل گئی۔
آگ بجھانے والے عملے کو بعد ازاں یہ سنہرے رنگ کی بلی اوپر والی منزل پر ایک کیبنٹ میں چھپی ہوئی ملی جو راکھ سے اٹی پڑی تھی مگر زخمی نہیں تھی۔
اس بلی کا ایک سوشل میڈیا اکاؤنٹ بھی ہے۔ آگ کے واقعہ کے بعد ڈینڈین نے بلی کے اکاؤنٹ کا نام تبدیل کرکے ’سیشوان کی شرارتی ترین بلی‘ رکھ دیا ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ بلی کو سزا دینے کے لیے انہوں نے اس کے گلے میں ’آگ لگانے والی‘ کا لیبل لگاکر اسے لائیو اسٹریم سیشنز میں بٹھانا شروع کیا تھا۔
تاہم اب ڈینڈین نے اپنے دستخط اور بلی کے پنجے کے پرنٹ کے ساتھ سوشل میڈیا پر ایک لیٹر پوسٹ کیا ہے جس میں انہوں نے تسلیم کیا کہ یہ ساری غلطی ان کی تھی کیونکہ وہ ککر کا پاور بٹن بند کرنا بھول گئی تھیں۔ انہوں نے آئندہ ایسی غلطی نہ کرنے کے عزم کا بھی اظہار کیا۔